رائیونڈ نواز شریف اور شہباز شریف کے اقتدار کی قبر بن جائے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 31 اگست 2014ء

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے قائد داکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ وہ اور عمران خان دونوں بھائی ہیں اور دونوں اکٹھے ہی اپنی منزل کو پہنچیں گے۔ رائیونڈ نواز شریف اور شہباز شریف کا اقتدار کی قبر بن جائے گا۔

اسلام آباد میں مظاہرین سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ریاستی جبر و بربریت کی انتہا ہوگئی ہے۔ رات بھر جس طرح پولیس نے پر امن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا وہ اسے مسلسل دیکھتے رہے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں سے خطاب کئے جو کہ ان کے جذبات کے بھی آئینہ دار تھے۔ وہ اور عمران خان مشترکہ جنگ لڑرہے ہیں جسے ہمیں اکٹھے ہی جیتنا ہے اور مستقبل میں بھی ہم اکٹھے ہی رہیں گے۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور چوہدری نثار پر قتل، اقدام قتل اور تشدد کے مزید کئی مقدمے درج ہوں گے۔ قانون انہیں پھانسی کے پھندے پر لٹکائے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت انہیں بچا نہیں سکتی۔ وہ یہ بات اپنے ذہنوں سے نکال دیں کہ ہم ان کے ظلم، جبر اور بربریت کے خوف سے پیچھے ہٹ جائیں گے یا واپس چلے جائیں گے۔ پنجاب پولیس نے بدمعاشوں، لٹیروں اور درندوں کے کہنے پر اپنے ہی بھائیوں اور بہنوں پر ظلم کرکے ناقابل فراموش تاریخ رقم کی ہے۔ دہشت گردی کے سامنے سینہ سپر ہونے والے کارکن اپنی جگہیں نہ چھوڑیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ کارکن اپنے عزم پر قائم رہیں کیونکہ انقلاب آسانی سے نہیں آتا، انقلاب میں مشکلات جتنی زیادہ ہوتی ہیں کامیابیاں اتنی ہی زیادہ ہوتی ہیں۔ بزدل اس ملک کے غریب عوام کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ آج تک انہوں نے ظلم سہے ہیں اور اب ظلم کا بدلہ لینے کے لئے نکلے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف رائیونڈ میں بیٹھے ہیں اور انہیں وہاں سے نکلنا نصیب نہیں ہوگا۔ اگر وہ یہاں آئے تو انہیں دبوچ لیا جائے گا۔ رائیونڈ ہی ان کے اقتدار کی قبر بنے گا۔ انہوں نے مظلوموں اور پر امن رہنے والوں کو کمزور سمجھا تھا لیکن وہ دیکھ لیں کہ یہ مظلوم کئی گھنٹوں سے امن کی طاقت سے ان کا مقابلہ کرتے رہے۔ وہ میڈیا کے نمائندوں اور عملے پر ہونے والے تشدد کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

ذرائع: ایکسپریس نیوز

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top