تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورس

مورخہ: 17 اگست 2006ء
رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

عرفان القرآن کورس کی پہلی تقریب تقسیم اسناد کی تقریب 17اگست 2006ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر FMRi حال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت مفتی عبد القیوم خان ہزاروی نے کی پروفیسر محمد نواز ظفر مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر مہمانوں میں نائب امیر تحریک سمیع اللہ قادری، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم تربیت سید فرحت حسین شاہ، ناظم دعوت رانا محمد ادریس، محمد ضیا نیر اور حکیم محمد یونس موجود تھے۔ تقریب میں عرفان القرآن کورس کی تین مختلف کلاسز کے طلباء و طالبات بھی شریک تھے۔ اس تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت کلاس کے ہونہار طالبعلم نے حاصل کی جبکہ محمد وسیم نے گلہائے عقیدت بحضور سرور کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

معلم عرفان القرآن کورس حافظ قاری محمد سعید رضا بغدادی نے معزز مہمانوں اور حاضرین کو عرفان القرآن کورس کی اہمیت بارے مختصر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن نے قرآن مجید کے فہم کو عام کرنیکا بیڑا اٹھایا ہے۔ اس سلسہ میں عرفان القرآن کورس پر مبنی مختصر دورانیہ کی کلاسز کا آغاز کیا گیا۔ اس سہ ماہی کورس میں طلباء کو نہایت عمدہ طریقہ سے نہ صرف قرآن پاک کا ترجمہ مع تفسیر پڑھایا گیا بلکہ تجوید اور عربی گرائمر بھی سکھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن کورس کی تکمیل ایک اہم پیش رفت ہے۔ بالخصوص قرآن پاک کا ترجمہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا اہم کارنامہ ہے جسکو ہم آگے بڑھا رہے ہیں۔ حافظ محمد سعید رضا نے مزید کہا کہ مجھے آج بہت خوشی ہے تین ماہ قبل شروع ہونے والی کلاسز کا آج کامیاب اختتام ہوا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ بھی تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر یہ سلسہ جاری رہے گا۔

تعارفی بریفنگ کے بعد عرفان القراان کی تینوں کلاسز کے طلباء و طالبات نے اپنی آخری کلاس علم تجوید پر کتاب عرفان التجوید کی کامیاب دہرائی کی اور اپنے اسباق سنائے۔ اس مختصر دہرائی کے بعد عرفان القرآن کورس کی تینوں کلاسز (طاہری کلاس، مصطفوی کلاس اور قادری کلاس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ ان میں سے سے پہلے کلاس کے کم سن طالب علم محمد صالح کو آؤٹ سٹینڈنگ ایوارڈ دیا گیا۔ 10سالہ محمد صالح کے تمام تمام کلاسز میں اعلیٰ کارکردگی پر یہ اعزاز دیا گیا۔ ان کے علاوہ دانیال ایل دانی، عبدالرؤوف بٹ اور صباء فاطمہ کو بھی خصوصی شیلڈز دی گئیں۔

اس موقع پر دانیال ایل دانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں مسیح ہوں، میری خواہش تھی کہ قرآن مجید کا مطالعہ کروں اس کے لئے میں بہت سی جگہوں پر گیا جہاں لوگوں نے مجھ پر قرآن پاک سیکھنے کے حوالے سے مختلف فتوے لگائے کہ ایک عیسائی کس طرح قرآن پڑھ سکتا ہے لیکن میں اس مقصد کے لئے منہاج القرآن آیا تو یہاں نہ صرف میرا مقصد پورا ہو گیا بلکہ میرے اسلام کے حوالے سے بہت سے تصورات بھی کلیئر ہوئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ادارے میں مجھے کسی بھی وقت کوئی طعنہ سننے کو نہیں ملا بلکہ یہاں آ کر مجھے پتہ چلا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جسمیں تمام مذاہب کا تحفظ موجود ہے۔ مجھے فخر ہے کہ ایک عیسائی ہونے کے ناطے میں نے قرآن پاک کو تجوید، ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھا ہے۔ اسکا تمام سہرا تحریک منہاج القرآن اور خصوصاً استاذی جناب حافظ محمد سعید رضا صاحب کے سر ہے۔

اس موقع پر محترمہ صباء فاطمہ نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں استاد محترم نے اس انداز سے پڑھایا کہ ہمیں گھر جا کر پڑھنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔ اس کے بعد تینوں کلاسز کے طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقسیم اسناد کے بعد نظامت تربیت اور تینوں کلاسز کی طرف سے استادِ محترم حافظ محمد سعید رضا کو اجتماعی تحائف پیش کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی پروفیسر محمد نواز ظفر اور صدرِ محفل نے خطاب کیا۔

پروفیسر محمد نواز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حافظ محمد سعید رضا نے 3ماہ کے مختصر دورانیہ میں طلباء کو عربی گرائمر، قرآن پاک کا ترجمہ، تفسیر اور مکمل تجوید کا سکھانا ایک اہم کارنامہ ہے۔ عام شریعہ میں یہ کم از کم ڈیڑھ سال کا کورس ہے جسکو انہوں نے محنت اور عرق ریزی سے 3ماہ میں مکمل کروایا۔ یہ سلسہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے۔ میں انکی اس کاوش پر انکو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

صدر محفل مفتی عبد القیوم خان ہزاروی نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ آج دنیا میں علوم عصریہ کی بھرمار ہے۔ ہر طالب علم عصری علوم میں مگن ہے۔ ایسے میں قرآن و حدیث سے واقفیت جذوی حیثیت اختیار کرگئی ہے ان حالات میں قرآن پاک کی تعلیم وتربیت کا کام کسی اہم کارنامہ سے کم نہیں ہے۔ اللہ نے یہ اعزاز تحریک منہاج القرآن کو عطا کیا کہ وہ اس پر فتن دور میں قرآن پاک کی صحیح فکر کو دنیا میں عام کر رہی ہے۔ محترم قاری حافظ محمد سعید رضا نے تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر یہ کورس شروع کر کے ایک بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے، اسے ملک بھر میں عام کرنیکی ضرورت ہے۔ عرفان القرآن کورس کلاسز کا اجراء اس سلسہ کی ایک کڑی ہے۔ آج لوگوں کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ طویل دورانیہ کے شریعہ کورس پڑھ سکیں۔ اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت نے عرفان القرآن کورس کا اجراء کر کے فروغِ دین اور فہمِ قرآن کا عظیم بیڑا اٹھایا ہے۔ اللہ تعالیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم قرآنی فکر کو قریہ قریہ اور نگر نگر عام کرے! (آمین)۔ تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض حافظ محمد قیوم نے ادا کئے تقریب کا اختتام دعا کیساتھ ہوا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top