قوم سیلاب متاثرین، آئی ڈی پیز اور غریبوں کو عید کی خوشیوں میں نہ بھولے، ڈاکٹر طاہرالقادری

اسلام آباد () پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، سربراہ مجلس وحدۃ المسلمین علامہ ناصر عباس، اجمل وزیرخان، احمد رضا قصوری اور دیگر قائدین تحریک انصاف و پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ ہزارہا انقلابیوں اور آزادی مارچ کے شرکا نے شاہراہ دستور پر نماز عیدالاضحی ادا کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے عیدالاضحی کی پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قوم متاثرین سیلاب، شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز، مسکینوں، بیوائوں اور غریبوں کو عید کی خوشیوں میں نہ بھولیں بلکہ عیدالاضحی کی موقع پر ان کی بھرپور مدد کریں۔ اللہ تعالیٰ نے کل کائنات کو عدل و انصاف قائم کرنے کا حکم دیا اور ظلم و ناانصافی سے منع فرمایا۔

انہوں نے کہا عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہم سب یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنی جدوجہد سے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کریں گے۔ ہم غریبوں اور مظلوموں کو ان کا حق دلائیں گے۔ ہمیں ایسا انقلاب بپا کرنا ہے جس کے ذریعے ظلم و استبداد کا خاتمہ ہو، عدل و انصاف قائم ہو اور لوگوں کو ان کے حقوق میسر آئیں۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جس میں لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہو اور انہیں روٹی، کپڑا، مکان، روزگار اور عدل و انصاف ملے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top