ملک کے ستونوں میں کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
ہمیں اس ملک سے کرپشن کی جڑوں کو کاٹنا ہے جس کے لیے سب کو ساتھ بیٹھنا ہوگا، ،طاہر
القادری
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اس ملک کے ستونوں میں سے کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے جسے سب نے تسلیم کرلیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان کے ادارے خسارے میں چل رہے ہیں اس حکومت کا پورا نظام کرپٹ ہے، حکمران میرٹ پر سرکاری نوکریاں نہیں دیتے اور لاکھوں کی تنخواہ پر سفارشی لوگوں کو بٹھا دیتے ہیں جس پر عوام کو سوال پوچھنے کا پورا حق ہے کہ سرکاری ملازمت کا میرٹ کیا ہے جبکہ پاکستان میں ڈاکٹرز اور انجینئرز کو بھی لاکھوں میں تنخواہ نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ستونوں میں سے کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے جسے سب نے تسلیم کرلیا ہے جبکہ کرپشن اب پاکستانی سیاسی کلچر کا بھی حصہ بن چکی ہے لیکن ہمیں اس ملک سے کرپشن کی جڑوں کو کاٹنا ہے جس کے لیے سب کو ساتھ بیٹھنا ہوگا۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہماری انقلابی جہدوجہد کے ساتھ سیاسی جہدوجہد بھی جاری رہے گی اور ہم اپنی پارٹی کا سیاسی منشور تیار کررہے ہیں جس میں اہم نکتہ کرپشن کا خاتمہ ہوگا جبکہ ہماری جدوجہد کا اگلا پڑاؤ فیصل آباد میں ہوگا اور وہیں اپنی جماعت کا منشور پیش کروں گا۔
ذرائع: ایکسپریس نیوز آن لائن
تبصرہ