قائداعظم کے پاکستان کو بازیاب کراکر دم لیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کہتے ہیں کہ ہمیں قائداعظم کے پاکستان کو دوبارہ بازیاب کرنا ہے، غریبوں کو ان کا حق دلانے کے لئے تن ، من اور دھن کی بازی لگے گی اور یہ بازی اللہ کی مدد سے ہم جیت کر دکھائیں گے۔

فیصل آباد روانہ ہونے سے قبل اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ نے کارکنوں کے صبر، استقامت اور جدو جہد کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ انقلابی دھرنے کو 60 دن مکمل ہوگئے ہیں اور اب یہ انقلابی دھرنا آج اپنی کامیابی کے اگلے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، جس کا پہلا پڑاؤ فیصل آباد میں ہوگا، ہمارا دھرنا ایک جگہ بیٹھنے سے عبارت نہیں تھا، ہمیں اس ملک کے نظام کو بدلنا ہے اور ہم اسے بدل کر دم لیں گے۔ کارکنوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، فیصل آباد کا جلسہ ثابت کردے گا کہ انقلابی دھرنا کامیاب ہوگیا ہے، اس نے ملک کے سیاسی موسم کو بدل دیا ہے، اس ملک کے عوام ظلم کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں، آج کے جلسے کی کامیابی ثابت کردے گی کہ کرپشن کے بتوں کو ٹوٹنا اور مظلوموں اور محروموں کو اقتدار پر بیٹھنا ہے، ہمیں قائد اعظم کے پاکستان کو دوبارہ بازیاب کرنا ہے۔ وہ انقلاب مارچ میں شریک ماؤں ، بیٹیوں، بہنوں، بیٹوں اور بزرگوں کو مبارکباد دیتے ہیں کہ جنہوں نے انقلاب کو زندہ تحریک بنادیا ہے اور اسے ملک کا آئندہ نظام بنادیا ہے، اب انقلاب کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انقلاب کی تاریخ میں ان کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انقلاب ایک تسلسل کا نام ہے اس میں جمود نہیں ہوتا، اس کے کئی مراحل ہوتے ہیں، فیصل آباد کا جلسہ دھرنے کی کامیابی اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ سنادے گا اور 19 اکتوبر کو مینار پاکستان کا جلسہ انقلاب کی فتح کا دروازہ کھول دے گا۔ ہم غریبوں کے لئے دیوانہ وار لڑیں گے، ظلم کے ایوانوں اور وقت کے فرعونوں کے ٹکر لیں گے، غریبوں کو ان کا حق دلانے کے لئے تن ، من اور دھن کی بازی لگے گی اور یہ بازی اللہ کی مدد سے ہم جیت کر دکھائیں گے۔

خبر ذرائع: روزنامہ ایکسپریس

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top