پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے تحت ریلوے سٹیشن تا مینار پاکستان موٹر سائیکل ریلی
19 اکتوبر کا مینار پاکستان کا جلسہ قرارداد مقاصد کے جلسے کی یاد تازہ کرے گا
پاکستان میں عوامی انقلاب کا سہرا عوامی تحریک کے شہداء کے سر پر ہے
19 اکتوبر مینار پاکستان پر عوامی تحریک کا یاد گار جلسہ ہو گا، زندہ دلان لاہور کے نوجوانوں کو متحرک کرنے کیلئے ریلوے سٹیشن سے مینار پاکستان تک عظیم الشان موٹر سائیکل ریلی نے موجودہ حکمرانوں کے نام نہاد جمہوریت اور ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ ریلی کی قیادت صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور چودھری افضل گجر، امیر تحریک منہاج القرآن لاہور ارشاد احمد طاہر، ناظم حافظ غلام فرید، صدر عوامی یوتھ ونگ ملک عمران، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور ڈاکٹر اویس اور الطاف رندھاوانے کی۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں موٹر سائیکل سوار شریک ہوئے جنہوں نے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ‘‘گو نواز گو’’ اور ‘‘گو نظام گو’’ کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر حکمرانوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
صدر عوامی یوتھ ونگ ملک عمران نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا 19 اکتوبر مینار پاکستان لاہور کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا، ایسا ریکارڈ قائم کریں گے کہ مستقبل میں کوئی سیاسی جماعت توڑ نہیں سکے گی۔ 19 اکتوبر کو مینار پاکستان کے جلسہ میں پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ اتحادی جماعتیں مسلم لیگ (ق)، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل، تاجر، وکلاء، مزدور، کسان، ملازم، مذہبی طبقہ اور سول سوسائٹی سے بھاری تعداد میں لوگوں کی بھر پور شرکت ہو گی۔
مرکزی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عوامی انقلاب کا سہرا عوامی تحریک کے شہداء کے سر پر ہے۔ اسلام آباد میں طویل دھرنے نے ملک بھر کے کروڑوں افراد کو آئین پاکستان سے آگاہی دے دی ہے، اب عوام ان جعلی الیکشن سے آنے والے نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں چھپے ہوئے درندہ صفت حکمرانوں کو جلد رخصت کر دے گی۔
مقررین نے کہا کہ 19 اکتوبر کا مینار پاکستان کا جلسہ قرارداد مقاصد کے جلسے کی یاد تازہ کرے گا۔ اس وقت بر صغیر کے مسلمانوں نے سامراجی تسلط کے خاتمے اور آزاد وطن کیلئے قراداد پیش کی تھی، اب پاکستان میں حقیقی آزادی کیلئے عوامی انقلاب کی ضرورت ہے جس کیلئے قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لاکھوں افراد جوق در جوق عملی جدوجہد کا حصہ بن رہے ہیں۔
تبصرہ