انقلاب کے ذریعے مظلوم پرور نظام لائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

لعنت ہے ایسے قانون اور جمہوریت پر جس میں FIR درج کرانے کیلئے لانگ مارچ کرنا پڑے
مستقبل کے سیاستدانوں کی تربیت کیلئے قومی سطح کا ادارہ بنائیں گے
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہری پور میں بڑے جلسہ عام سے خطاب

ملک میں قانون، جمہوریت اور انصاف کا قتل ہو چکا ہے۔ انقلاب کے ذریعے مظلوم پرور نظام لائیں گے۔ ہری پور والوں نے ظلم و بربریت کے نظام کا علامتی جنازہ نکال دیا جلد حقیقی جنازہ اٹھنے والا ہے۔ شہدا کے خون سے غداری اور بے وفائی نہیں کرینگے۔ ڈیل کی باتیں کرنیوالے خود بکے ہوئے ہیں۔ حکمران بے پناہ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا چاہتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے گذشتہ روز ہری پور میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون انقلاب کی بنیاد ہے۔ ہم ان سے بے وفائی اور غداری نہیں کرینگے بلکہ قرآن اور قانون پاکستان کے مطابق بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا انصاف ہے کہ تفتیش کیلئے JIT بنانے کا اختیار بھی نامزد ملزمان جو پنجاب اور وفاق میں حکمران ہیں کے پاس ہو۔ لعنت ہے ایسے قانون اور جمہوریت پر جس میں FIR درج کرانے کیلئے اتنا بڑا لانگ مارچ کرنا پڑے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکمران، عوام کی روز مرہ اشیائے خوردونوش پر ٹیکس میں بے پناہ اضافہ کر رہے ہیں۔ بجلی کے تیز چلنے والے میٹروں کے ذریعے 35 فی صد ناجائز بل وصول کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے متاثرین تربیلا ڈیم کے واجبات کی ادائیگی، ریٹائرڈ فوجی اورمزدوروں کی پنشن میں اضافہ اور ٹیلی فون فیکٹری کے کنٹریکٹ ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدان غیر تربیت یافتہ ہیں ہم جلد مستقبل کے سیاستدانوں کی تربیت کیلئے قومی سطح کا ایک ادارہ بنائیں گے۔ انہوں نے جلسہ میں آئے ہوئے ہزاروں افراد کو پاکستان عوامی تحریک کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے کہا اور بلدیاتی الیکشنوں میں بھر پور حصہ لینے کی ہدایت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top