سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تحریک منہاج القرآن کے لائف ممبر بن گئے۔

مورخہ: 23 اگست 2006ء
آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود نے گذشتہ روز صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمن درانی سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب امیر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیر (ر) اقبال احمد خان، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، نائب صدر چوہدری محمد شریف، تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ کرنل(ر) محمد احمد، تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، صدر پاکستان عوامی تحریک سندھ ڈاکٹر ایس ایم ضمیر اور سیکرٹری کوآرڈینیشن جواد حامد بھی موجود تھے۔


سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، سیاسی اور علمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبرشپ حاصل کی۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور اعجازالحق بھی تحریک کی لائف ممبر شپ حاصل کر چکے ہیں۔ تاحیات ممبرشپ کے فارم پر دستخط کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے علم کا زمانہ معترف ہے اور ساری دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے قائم کردہ اسلامک سینٹرز اسلام کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایسی شخصیت ہیں جن کے علم سے ہم جیسے لوگ استفادہ کرتے ہیں۔ کشمیر کاز اور عالمی امن کیلئے بھی ان کی خدمات گرانقدر ہیں۔

سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ مسئلہ کے حل کے دوران کشمیری رہنماؤں کو شامل رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بڑی طاقت کی ثالثی کے بغیر پاکستان اور بھارت اس مسئلہ کو حل کریں تاکہ جنوبی ایشیاء کا امن قائم رہے۔ صدر پاکستان عوامی تحریک نے تحریک منہاج القرآن کے مقاصد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کرنل (ر) محمد احمد نے تحریک منہاج القرآن کے فورمز کا تفصیلی تعارف کرایا۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سلطان محمود کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتابوں اور CDs کا تحفہ بھی دیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top