کرپشن کے باعث گھریلو صارفین کو بجلی کے 50 فی صد زائد بل مل رہے ہیں، ڈاکٹر رحیق عباسی

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے خط نے حکومت کے عوام دوستی کے جھوٹے دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا، مرکزی صدر عوامی تحریک
ڈاکٹر طاہرالقادری کی جرات مند قیادت عوام کو سرکاری اداروں کے ظلم سے نجات دلائے گی، گفتگو

لاہور ( 02 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت کے قیام سے ہی عوام کو آئینی حقوق ملیں گے۔ کرپشن کی وجہ سے گھریلو صارفین کو بجلی کے 50 فی صد زائد بل مل رہے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے خط نے حکومت کے عوام دوستی کے جھوٹے دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا، خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے عوام کو 50فی صد تک ناجائز بل مل رہے ہیں، حکومت اس میں خود ملوث ہے اور اوور بلنگ کی مد میں وصول کئے گئے اربوں روپے کی واپسی کے اعلانات ڈرامہ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جرات مند اور درد مند قیادت ہی عوام کو سرکاری محکموں کے ظلم اور کرپٹ نظام سے نجات دلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، شیخ زہاد فیاض، بشارت جسپال، جواد حامد، ساجد بھٹی، حنیف مصطفوی، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دار حکمران غریب اور بے روزگارخاندانوں پر لو ڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ اوور بلنگ کے ڈرون حملے بھی کر رہے ہیں، اب یہ ظلم مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کی وجہ سے گھریلو صنعت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے اور بے روزگاری، جرائم اور خودکشیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکمران دھرنوں کے پیچھے چھپ کر اپنی ناکامیاں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کا اصل چہرہ وزیر اعظم کے سامنے رکھ دیا ہے۔ یہ وہی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل ہے جس سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیپ ٹاپ کی خریداری سکینڈل اور میٹرو بس کے متنازعہ منصوبے کے حوالے سے کلین چٹ حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آئی پی کے خط نے وزراء کے ان دعوؤں کو جھٹلا دیا ہے کہ معیشت کو دھرنے سے نقصان پہنچا اور اس وجہ سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top