حکومت کی یکطرفہ تفتیش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ کریں گے، پاکستان عوامی تحریک

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے سیاست کرنے کے پرویز رشید کے بیان پر شدید ردعمل
حکمران غیر جانبدار JIT کی تشکیل اور تفتیش کے آغاز سے خوفزدہ کیوں ہیں؟، رحیق احمد عباسی

لاہور (09 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے بیان پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت کی یکطرفہ تفتیش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ اسکی کوئی حیثیت ہو گی، حکمران تو چاہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن داخل دفتر ہو جائے مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سیاست کی بھینٹ چڑھنے دیں گے، معصوم شہریوں کے قاتل اپنے انجام کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا دامن صاف ہے تو پھر غیر جانبدار JIT کی تشکیل اور تفتیش کے آغاز سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا کا واحد ملک ہے جس کے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ قتل کی ایف آئی آر میں نامزد ملزمان ہیں اور وہ دھڑلے سے بیرونی ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کیلئے الگ اور طاقتور طبقات کیلئے الگ قانون ہے۔ مختلف جرائم کے حوالے سے محض الزام کی بنیاد پر سینکڑوں، ہزاروں شہری جیلوں، حوالاتوں میں بند ہیں مگر سنگین الزامات کے مقدمات میں نامزد وزیر اعظم، وزراء اور وزیر اعلیٰ اقتدار کے ایوانوں میں مزے لوٹ رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اسی دہرے اور ظالمانہ نظام کو بدلنے کی جنگ لڑ رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top