سانحہ کوٹ رادھا کشن کے متاثرین کی یاد میں آج (جمعرات) لاہور پریس کلب کے سامنے بین المذاہب دعائیہ تقریب ہو گی

شہزاد مسیح اور شمع بی بی کے سفاکانہ قتل پر ہر پاکستانی دکھی ہے، پر زور مذمت کرتے ہیں۔ سہیل احمد رضا
مذموم واقعہ سے مسلمانوں کے دل بھی اسی طرح دکھی ہیں جس طرح مسیحی بھائیوں کے
سفاکانہ قتل کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں

لاہور (12 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم کے سیکرٹری سہیل احمد رضا نے کہا ہے کہ سانحہ کوٹ رادھا کشن میں شہزاد مسیح اور شمع بی بی کے سفاکانہ قتل پر ہر پاکستانی دکھی ہے ہم اس پر تشدد کارروائی کی پر زور مذمت کرتے اور سفاکانہ قتل کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اسلام دین امن و محبت و رحمت ہے اور کسی کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری پوری دنیا میں اسلام کا پیغام امن و سلامتی اور محبت پھیلا رہے ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غیر مسلموں کو اسلامی ریاست میں برابری کے حقوق دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا مذموم عمل کرنے والے انسانیت کے بد ترین دشمن اور قاتل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سفاکانہ قتل کے ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کرکے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو پاکستان میں برابری کے حقوق حاصل ہیں، اس اندوہناک واقعہ کے بعد پاکستان کے غیر محفوظ ریاست ہونے کے تاثر کو مزید ہوا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مذموم واقعہ سے مسلمانوں کے دل بھی اسی طرح دکھی ہیں جس طرح مسیحی بھائیوں کے۔ سہیل احمد رضا نے کہاکہ سانحہ کوٹ رادھا کشن کے متاثرین کی یاد میں 13 نومبر جمعرات کو شام 5 بجے‎ URI پاکستان، مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم اور پاکستان عوامی تحریک کے تحت لاہور پریس کلب کے سامنے ایک پر وقار بین المذاہب دعائیہ تقریب منعقد ہو گی۔ جس میں مسلم، عیسائی، ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر مذاہب کے اکابرین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر شہزاد مسیح اور شمع بی بی کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top