اتفاق فاؤنڈری کا لوہا کم پڑ جائے گا مگر انقلابیوں کے ہاتھ کم نہیں پڑیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک

‎28 شہیدوں کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور انصاف مانگنے والوں کے وارنٹ جاری ہو رہے ہیں
دہشت گردی کی عدالت ہائی کورٹ نہیں صوبائی حکومت کے ماتحت ہے، قاتل حکمران انتقامی کارروائیوں سے باز آ جائیں
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، خرم نواز گنڈا پور، عمر ریاض عباسی کا ردعمل

لاہور (12 نومبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر رحیق احمد عباسی، مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے دہشت گردی کی عدالت کی طرف سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ اتفاق فاؤنڈری کا لوہا کم پڑ جائے گا مگر ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابیوں کے ہاتھ کم نہیں پڑیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے شیڈول کے مطابق وطن واپس آئیں گے اور شہر شہر جائیں گے، حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے انقلاب کے قافلے کو منزل پر پہنچنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ حیرت ہے 28 شہیدوں کے قاتل وزیراعظم اور وزیراعلیٰ دندناتے پھر رہے ہیں اور انصاف مانگنے والوں کے وارنٹ جاری ہو رہے ہیں؟ جب بھی شفاف تحقیقات ہوئیں تو پی ٹی وی حملہ کیس میں ماروی میمن اور پرویز رشید گرفتار ہونگے۔ رہنماؤں نے کہاکہ دہشت گردی کی عدالت ہائی کورٹ نہیں صوبائی حکومت کے ماتحت ہے ہم توقع کر رہے تھے کہ دہشت گردی کی عدالتیں قتل کی ایف آئی آر میں نامزد وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ اور انکے ذاتی ملازم پولیس افسران کے وارنٹ جاری کریں گے مگر قاتل کھلے عام پھر رہے ہیں یہ کیسا انصاف کا نظام ہے؟ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے قائم کئے گئے تمام مقدمات جعلی ہیں ہم قانونی جنگ بھی لڑیں اور سیاسی جنگ بھی لڑیں گے اور قاتل حکمرانوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

عمر عباسی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکن موت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر چلتے ہیں گیدڑ کی جب موت آتی ہے تو وہ شہر کی طرف بھاگتا ہے ن لیگ کے گیدڑ اپنے انجام کے قریب ہیں، ہم گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں، حکمرانوں کو آخری موقع دے رہے ہیں کہ وہ ریاستی غنڈہ گردی سے باز آ جائیں تمام جعلی مقدمات از خود واپس لے لیں ورنہ گلی گلی دما دم مست قلندر ہو گا اور قاتل حکمرانوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top