یونان: منہاج القرآن ریندی کے زیراہتمام عظیم الشان سالانہ پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

9 نومبر 2014 بروز اتوار بعد نماز ظہر مرکز منہاج القرآن ریندی میں عظیم الشان سالانہ پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے عاشقان اہل بیت اطہار نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن یونان کے تمام ذیلی مراکز و فورمز سمیت خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ مذہبی، سیاسی اور سماجی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ مہمان خصوصی کے لئے سفارتخانہ پاکستان ایتھنز کی طرف سے بھی بھرپور نمائندگی کی گئی۔ منہاج القرآن یونان کی معزز شخصیت غلام نبی بھٹی نے بھی اپنی علالت کے باوجود خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفی نے حاصل کی جس کے بعد بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہدائے کربلا کی بارگاہ میں نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و منقبت کا سلسلہ شروع ہوا جس کی سعادت حاجی برکات، ننھے ثناء خواں راجہ حسیب علی، استاد باقر علی چغتائی، محمد رفیق قادری، محمد شہزاد قادری آف منیدی اور صدر منہاج نعت کونسل یونان سجاد حسین قادری نے حاصل کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض محمد اصغر قادری (امام و خطیب مسجد ہذٰا)نے سر انجام دیئے،

اس موقع پر خصوصی خطاب علامہ عبدالستار سراج (نائب امیر منہاج یورپین کونسل) نے کیا جو کہ ڈنمارک سے اس عظیم الشان سالانہ کانفرنس کے لئے تشریف لائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ پیش آنے کی اصل وجہ یذیدی نظام اور سسٹم ہی تھا جس نے اسلامی اقدار کو پامال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور ایک نیا غیر اسلامی نظام لانے کی کوشش کر رہا تھا جس میں غیر مشاورتی عمل، کرپشن، خواتین کے حقوق کی پامالی، بادشاہی اقدامات، عام اور غریب عوام کے ساتھ برا رویہ، اپنے عزیز و اقارب کو حکومتی عہدوں سے نوازنا اور سب سے بڑھ کر اہل بیت اطہار کے گھرانے سے ناجائز سلوک اور بغاوت تھی۔ یہی وجہ تھی کہ امام عالی مقام حسین ابن علی رضی اللہ عنہما نے اس نظام کو ناکام کرنے کے لئے درجنوں اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روکنے کے باجود بھی میدان کربلا میں آئے اور بھرپور کوشش کی کہ معاملات مذاکرات سے حل ہو جائیں لیکن یزید کی بے پناہ ہٹ دھرمی اور انکار کے بعد آخر کار کربلا کے میدان میں اس عظیم شہادت کا رتبہ حاصل کیا جس کو چاہتے ہوئے بھی لاکھوں دعاؤں اور ریاضت کے بعد بھی قیامت تک کوئی اور حاصل نہ کر سکے گا۔

اپنے پیغام میں علامہ عبدالستار سراج نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج کے دور میں بھی یزیدی نظام کو زندہ رکھنے والے عناصر موجود ہیں اور قیامت تک رہیں گے۔ ان یزیدی نظام کو پروان چڑھانے والوں کو ہر صورت میں ہمیں روکنا ہو گا اور ان کا مقابلا ہر میدان میں کرنا ہو گا، یہی پیغام امام حسین کا پیغام ہے۔ آئیے اور اس حسینی قافلے میں شامل ہو جائیں جس کی داعی جماعت منہاج القرآن انٹرنیشنل ہے جس کا ثبوت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس ظالمانہ اور کرپٹ سے لڑ کر دے رہے ہیں۔ آخر میں ناظم منہاج القرآن یونان غلام مرتضٰی قادری نے تمام آنے والے معزز مہمانوں کا اس ایمان افروز کانفرنس میں شرکت کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ درود وسلام کے بعد کربلا کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر لنگر حسینی کا خصوصی انتظام تھا جس کا اہتمام مرزا محمد امجد جان (ناظم نشرواشاعت منہاج القرآن یونان) کی طرف سے کیا گیا۔

رپورٹ: مرزا امجد جان

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top