امریکہ: نیو جرسی میں شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیو جرسی میں 02 نومبر 2014 کو شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد کی گئی جس کا آغاز قرآن خوانی سے کیا گیا۔ اس موقع پر تلاوت کی سعادت قاری فرحت نے حاصل کی، بعد ازاں سلسلہ نعت خوانی اور منقبت اہل بیت شروع ہوا۔ محمد سلیم شیخ، محمد اصغر صوفی اور ماسٹر منیر احمد نے آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ محمد اقبال شیخ اور محمد شکیل نے منقبت اہل بیت پیش کی۔
اس موقع پر منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر نیو جرسی علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے ذبح عظیم کے موضوع پر مدل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں ایک پیغام دے رہا ہے باطل کے خلاف برسرپیکار ہونا ہی اسوہ حسینی ہے۔ پروفیسر رانا غلام سرور اور شیخ معتز شرف نے بھی اہل بیت کی شان میں خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کی خبر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پہلے دے دی تھی۔ دین کے لئے ان کی قربانی ہونا ہی تھی۔
پروگرام کے اختتام پر اجتماعی درود وسلام پیش کیا گیا اور دعا کی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء میں حسینی لنگر بھی پیش کیا گیا۔
رپورٹ: شریف کمالوی
تبصرہ