پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا ایجنڈا اور منزل ایک ہے۔ خرم نواز گنڈاپور

تحریک انصاف کے وفد کی پی اے ٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات، سیاسی امور پر گفتگو
شہدا کے ورثا کے اعتماد والی جے آئی ٹی کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہے، جہانگیر ترین

تحریک انصاف کے وفد نے مرکزی رہنماء جہانگیر ترین کی قیادت میں گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی اے ٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال زیر بحث آئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا ایجنڈا اور منزل ایک ہے۔ اختلاف کی باتیں حکومتی ایما پر پھیلائی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ہر سطح پر مسلسل رابطہ ہے۔ احتجاج کا رنگ تو مختلف ہو سکتا ہے لیکن منزل اور مقصد ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دھاندلی کی شکایت کے ازالے کیلئے غیر جانبدار کمیشن تشکیل دے، ری کاؤٹنگ کروائی جائے، جعلی اسمبلی عوامی امنگوں کی ترجمان نہیں ہو سکتی۔ تحریک انصاف کے وفد میں صوبائی صدر اعجاز چوہدری اور عبد العلیم خان شامل تھے۔

جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوامی تحریک سے رابطے میں ہیں، اختلاف کی خبریں درست نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی عیادت کے باعث سیاسی ایجنڈا ڈسکس کرنے نہیں آسکے، تمام اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی تحریک کے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر غیر جانبدارانہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے مطالبہ کو حق بجانب سمجھتے ہیں۔ 14 بے گناہوں کے بہنے والے خون سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تحریک انصاف کے وفد سے جو معاملات بھی زیر بحث آئے اس پر ہم اپنی پارٹی میں اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کرینگے۔ عوامی تحریک کی طرف سے بشارت جسپال، ساجد بھٹی، راجہ زاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top