لاہور: بین المذاہب رواداری کانفرنس میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز کی شرکت

سینٹر فار ہیومن رائٹس ایجوکیشن پاکستان کے زیراہتمام ’’بین المذاہب رواداری اور برداشت کے فروغ‘‘ کے عنوان سے دربار سید شاہ جمال قادری لاہور میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کے میزبان ڈائریکٹر سینٹر فار ہیومن رائٹس سیمسن اور ارون کمار کندنانی تھے۔ پروگرام میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں مذاہب کے مابین رواداری کے فروغ اور مختلف مذاہب کے مابین درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے قومی سطح پر ایک کمیشن کی تشکیل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مذاہب عالم کے مابین ہم آہنگی کے قیام اور سماجی و اخلاقی سطح پر یکجہتی کے ذریعے معاشرتی اور ثقافتی ٹکراؤ کو ختم کرنے کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔

سہیل احمد رضا نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت تمام مذاہب کے مابین بھائی چارے، رواداری اور ہم آہنگی کی ایک بین ثبوت ہے، ہم شریعت اسلامیہ اور آئین پاکستان کے تحت غیر مسلموں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں، ہم وطن عزیز کو قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں اور وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔

کانفرنس سے دیگر رہنماؤں میں سے مسیحی رہنما بشپ اکرم مسیح گل، سیمسن رحمت، ہندو رہنما پنڈت بھگت لال، ارون کمار کندنانی، سردار گیانی، رنجیت سنگھ، علامہ مشتاق جعفری، ملک عبداللہ ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر معروف قوال نے صوفیانہ کلام بھی پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top