انقلاب کے عظیم مقصد کے لیے بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائے گا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گزشتہ روز تحصیل پسرور ضلع سیالکوٹ میں شہید انقلاب گلفام ولید بھٹی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، دوران ملاقات انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خون دور کی بات کارکنوں کے پسینے کا بھی سودا نہیں ہو سکتا، شہید کارکنوں کا قصاص ہر صورت لیا جائیگا۔ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، ظالموں کو آئین و قانون کے مطابق سزا دلوا کر دم لیں گے۔ انقلاب کے عظیم مقصد کے لیے بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری عوام کے حقوق اور پاکستان کے وقار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی جدوجہد سے عوام کو شعور ملا، عوام کے تعاون سے جاری رہنے والی جدوجہد جلد انقلاب کی منزل تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر تا کراچی ملک جل رہا ہے، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے افواج پاکستان قابل فخر قربانیاں دے رہی ہیں مگر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام امن کے ثمر سے محروم ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی FIR کے بعد غیر شفاف اور ورثاء کی مرضی کے خلاف جے آئی ٹی کا بننا لاقانونیت کی انتہا ہے، مگر شہداء کا خون رنگ لائے گا اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top