آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کائنات کیلئے اللہ کی نعمت اور فضل کا باعث ہے، لطیف مدنی
میلاد اور سلام کا آپس میں گہرا ربط ہے، میلاد منانا اللہ اور اسکے انبیاء علیہم السلام کی سنت ہے
لاہور (29 دسمبر 2014) تحریک منہاج القرآن کے رہنماء علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا ہے کہ میلاد اور سلام کا آپس میں گہرا ربط ہے، میلاد منانا اللہ اور اسکے انبیاء علیہم السلام کی سنت ہے، درود و سلام ایک ایسا عمل ہے جو اللہ رب العزت کی سنت مبارکہ ہے اور اسکے مقرب فرشتے بھی یہ عمل ہمہ وقت بجا لاتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک بندوں جو یہ حکم دیا ہے کہ تم بھی میرے محبوب صاحب لو لاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تعلق اور محبت کو پختہ کرو، انکی بارگاہ میں درودوسلام پیش کیا کرو، وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم گوشہ درود کے معتکفین سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر جی ایم ملک، صاحبزادہ افتخار الحسن، قاضی محمود الاسلام و دیگر بھی مو جود تھے۔ علامہ لطیف مدنی نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر کیا جانیوالا معمولی سا عمل بھی بارگاہ ایزدی میں باعث اجر و ثواب ہے، سارے اعمال کی عظمت و قبولیت اسی عمل کے سبب سے ہے جو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں کیا جائے۔ اگر دل محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خالی ہے تو کوئی عمل بارگاہ خددا وندی میں باعث اجر نہیں ہو گا، انہوں نے کہا کہ ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی روح ایمان ہے۔ بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ذرا سے بے ادبی سے انسان کے اعمال ضائع ہو جاتے ہیں جس کا انسان کو علم بھی نہیں ہوتا۔ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کائنات کیلئے اللہ کی نعمت اور فضل کا باعث ہے، اس فضل اور رحمت کی آمد پر اگر خوشی نہ کی جائے تو بے شک ہم عبادت و ریاضت کے ڈھیر لگا دیں اللہ تعالیٰ کو اس سے کوئی سروکار نہ ہو گا اسے تو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پر ہمارا خوش ہونا ہماری تمام عبادات سے زیادہ اچھا لگتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے تحت اس سال بھی عالمی میلاد کانفرنس مذہبی جو ش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
تبصرہ