سال 2015 کے لیے مختلف مذاہب کے قائدین کی ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے اجتماعی دعا

سال 2015 کو امن اور محبت کا سال قرار دیا جائے، قائدین نے امن کی شمعیں روشن کیں
نئے سال میں دو مرتبہ سرکار دو عالم محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت منایا جائے گا
مسیحی برادری کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے نئے سال کی مبارکباد
سینٹ میری چرچ گلبرگ میں بین المذاہب سال نو دعائیہ تقریب سے سہیل رضا، فادر فرانسس، پنڈت بھگت لال، بشن سنگھ و دیگر کا خطاب

لاہور (31 دسمبر 2014) نیشنل کونسل فار انٹرفیتھ ڈائیلاگ کے زیر اہتمام سینٹ میری چرچ گلبرگ میں بین المذاہب سال نو دعائیہ تقریب کا اہتمام، ریورنڈ فادر فرانسس ندیم نے کیا۔ جس میں آنے والے سال 2015 کے لیے مختلف مذاہب کے قائدین نے اجتماعی دعا کی، مختلف مذاہب کے اکابرین میں مسیحی رہنما ماسٹر عمانویل کھوکھر، یوئیل بھٹی، ہندو رہنما پنڈت بھگت لال، سکھ رہنما سردار بشن سنگھ کے علاوہ مسلم رہنماؤں علامہ شفاعت رسول، مفتی عاشق حسین، علامہ غلام مصطفی چشتی اور ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمدرضا نے بھی شرکت کی، ان مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے اجتماعی طور پر ملک کی سلامتی وامن و محبت کے لیے خصوصی دعا کی اور کہا کہ یہ ملک سب کا سانجھا وطن ہے اور اس میں بسنے والوں کے دکھ سکھ ایک ہیں۔ اس موقع پر قائدین نے امن کی شمعیں روشن کیں۔

دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ آنے والے سال کو بین المذاہب رواداری کا سال منانے اور بالخصوص مسلم مسیحی تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا جائے، سال 2015 کو امن اور محبت کا سال قرار دیا جائے، انہوں نے بتایا کہ نئے سال میں دو مرتبہ سرکار دو عالم محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت منایا جائے گا، 4 جنوری اور پھر 25 دسمبر 2015، گویا حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش اور پیغمبر امن حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت ایک ہی دن آ رہا ہے، پوری دنیا میں مسلم، مسیح اور دیگر مذاہب کے مابین دوستی کو بہتر بنانے کیلئے جدو جہد کی جائے۔ سہیل رضا نے مختلف مذاہب کے قائدین کو 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینارپاکستان میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جسے تمام مذاہب کے راہنماؤں نے قبول کیا۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی انتہا پسندی سے پاک کرنے کے لیے ضروری کہ فوجی عدالتوں کے ذریعے انسانیت کے دشمنوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ارض پاکستان امن کا گہوارا بن سکے، اس مقصد کے لیے تمام محب وطن پاکستانیوں کو باہمی اتحاد سے ان خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء اور پوری مسیحی برادری کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے نئے سال کی مبارکباد بھی دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top