گوجر خان: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد مارچ و ضیافت میلاد
تحریک منہاج القرآن گوجرخان کے زیراہتمام گوجر خان شہر میں گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی 11 اور 12 ربیع الاول کی رات عظیم الشان ضیافت میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ بعد ازاں شرکاء کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سنائے گئے۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض رہنما تحریک منہاج القرآن علامہ قاری بشیر احمد قادری اور ناظم میڈیا عبدالستار نیازی نے انجام دیے۔ ضیافت میلاد میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کے علاوہ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ ضیافت میلاد سے قبل گلیانہ موڑ تا سول کلب میلاد مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ میلاد مارچ کی قیادت صدر پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی راجہ سلطان نعیم کیانی، صدر پاکستان عوامی تحریک گوجر خان راجہ خیام عباس قادری نے کی۔ اس موقع پر فوجی بینڈ بھی میلاد مارچ کے ہمراہ تھے جنہوں نے مختلف دھنوں پر بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
تبصرہ