یوم میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے لیے یوم نجات ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحیم

تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ PP-8 کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحیم نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام محبت ہے کہ عشق سرکار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اک شمع جلالو دل میں بعد مرنے کے لحد میں بھی اجالا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مرکزی جلوس میں شرکت کے دوران مختلف استقبالی سٹیجوں پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روشنی کا وہ مینار ہے جس سے قیامت تک بھٹکنے والے قافلوں کو منزل کا سراغ ملتا رہے گا، کیو نکہ یومِ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اصل میں پوری انسانیت کیلئے یومِ نجات ہے۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے انسانیت کو کفر، شرک، جہالت، بے راہ روی اور جنگل کے قانون کی حکمرانی سے نجات ملی۔

انہوں نے کہا کہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کے لیے خالق کے اس نظام کا اجراء ہے جس کی حکمرانی تمام نسلی، جغرافیائی، لسانی اور طبقاتی بتوں کو پامال کر کے سب کو برابری کے حقوق عطا کرتی ہے بلکہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خالقِ کائنات کا وہ آخری ورلڈ آرڈر ہے جس کے بعد کسی نئے یا پرانے ورلڈ آرڈر کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ بالخصوص عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے عظیم اور جلیل القدر نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشنِ میلاد میں شریک ہو کراللہ رب العزت کے اس اعلان ورفعنا لک ذکرک کی صداقت دنیا کو دکھا دیں اور گھر گھر، گلی گلی، قریہ قریہ، گاؤں گاؤں، شہر شہر اور ملک ملک درود و سلام کے نغماتِ سرمدی کی دھوم مچادیں۔ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس لامتناہی مایوسی اور غلامی سے چھٹکارے کی نوید ہے جس میں غلاموں، یتیموں، بے کسوں اور مفلسوں کو بھی زندگی گزارنے کے وہی حقوق ملے جو معاشرے میں دیگر صاحب ثروت لوگوں کے ساتھ ہی مختص تھے اور میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس عظمت وشرف ِ انسانیت کی پاسباں ہے جس نے بلال و یاسر جیسے سیاہ فام غلاموں کو عرب کے سرداروں پر فوقیت عطا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top