حضور نبی اکرم (ص) نے انسانیت کو ایسا نظام دیا جس میں کوئی شخص بھوکا نہیں رہ سکتا۔ سید ہدایت رسول قادری

فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی دو قسموں کی ہے ایک وہ جس میں مذہب کے نام پر معصوم لوگوں کی جان لے لی جاتی ہے اور ایک وہ جس میں سیاست کے نام پر حکمران عوام سے روٹی، کپڑا، مکان اور بنیادی حقوق چھین لیتے ہیں اور معاشرے کے غریب طبقے کے معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں۔ مذہب و سیاست کے نام پر کی جانے والی دونوں دہشت گردیاں لائق مذمت اور لائق لعنت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی67 جامع مسجد گلزار مدینہ قمرگارڈن میں محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قاری عطاء المصطفی، محمود احمد، محمد ندیم مغل، سہیل مقصود، غلام محمد قادری، علامہ محمودالحسن، شبیر حسین قادری، محمد فاروق طور، رانا وحید شہزاد اور محبوب احمد بھی موجود تھے۔

سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معاشرے کی تعمیر و ترقی اور وسائل کی مساویانہ تقسیم کا درس دیا اور معاشرے میں عدل و انصاف کو قائم کیا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو ایسا نظام دیا جس میں کوئی شخص بھوکا نہ رہ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی مذہب گوارہ نہیں کرتا کہ معاشرے میں لوگ بھوکے مریں، خودکشیاں کریں، کھانے کو لقمہ نہ ملے اور چند لوگ سارے وسائل پر قابض ہو کر معاشرے میں ناہمواری پیدا کریں۔ جس معاشرے کا خواب آج دنیا دیکھ رہی ہے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے 1500 سو سال قبل اس معاشرے کی بنیاد رکھ دی تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top