ہارون آباد: سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس
منہاج القرآن ہارون آباد کے زیراہتمام مورخہ 11 جنوری 2015ء بروز اتوار سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت منہاج القرآن علماء کونسل کے سرپرست حضرت علامہ سید احمد کمال فیاض شاہ نے کی جبکہ استقبالیہ کلمات علامہ صاحبزادہ احمد حسن فاروقی نے ادا کیے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری غلام رسول مدرس جامعہ رضویہ نے حاصل کی جبکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول قاری دین محمد، محمد عمران قادری، قاری محمد الطاف حامد اور محمد آصف حیدری نے پیش کیے۔ محفل میں نظامت کے فرائض علامہ واجد نعیم مغل نے سرانجام دیئے۔ محفل میں کثیر تعداد میں مردوخواتین اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔
محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مہمان خصوصی شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقاری حضرت علامہ پروفیسر فیاض بشیر قادری خصوصاً لاہور سے تشریف لائے۔ اس موقع پر نعت گو شاعر خواجہ اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ، صدر پاکستان عوامی تحریک ہارون آباد اور محمد احمد گولڑوی ہارون آباد نے بھی اپنا خصوصی کلام پیش کیا جس کو حاضرین نے بہت سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ پروفیسر فیاض بشیر قادری مرکزی ناظم دعوت نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کائنات پر اﷲ رب العزت کا احسان عظیم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امت مسلمہ ہر سال 12 ربیع الاول کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم میلاد مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منا کر اپنے ایمان کی تازگی کا سامان فراہم کرتی ہے۔ ایسے میں اسلام کی روحانیت سے عاری مادیت زدہ تعبیر کرنے والے بعض فتنہ پرداز میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کو ناجائز قرار دیتے ہیں، حالانکہ ربط رسالت کے لئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کے موقع پر اہل اسلام جس قدر جذبے کا اظہار کریں کم ہے۔ چنانچہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آغاز دعوت میں ہی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع کو خصوصی اہمیت دی۔
محفل میں منہاج القرآن ہارون آباد کی تمام تنظیمات نے بھرپور شرکت کی جن میں تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن وویمن لیگ، پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم ہارون آباد شامل ہیں۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا جس کے بعد حاضرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
رپورٹ: واحد نعیم مغل
تبصرہ