دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات تسلی بخش نہیں: پاکستان عوامی تحریک

فوج اور قوم پر عزم کھڑے ہیں، پارلیمانی قیادت تتر بتر ہو چکی، ڈاکٹر رحیق عباسی
پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں پٹرول کے بحران کی مذمت، آج پریس کلب کے باہر مظاہرہ ہو گا

لاہور(16 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کا اجلاس مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں سانحہ پشاور کے ایک ماہ مکمل ہونے پر دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت معمولی فیصلے کرنے میں بھی کئی کئی ہفتے لے رہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے یکسو نہیں ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے فوج اور قوم استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن 16 دسمبر 2014ء والی پارلیمانی قیادت تتر بتر ہو چکی ہے جو پشاور اے پی ایس سکول کے بچوں اور پوری قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ اجلاس میں قائمقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، ساجد بھٹی،جواد حامد نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں پٹرول کی مصنوعی قلت کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہراتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ عوام ہر طرف سے پس رہے ہیں اور حکمرانوں کو اس کا ذرہ برابر بھی احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی،گیس اور پٹرول کے بحرانوں کا ایک ساتھ آنا حکومتی نااہلی اور بیڈ گورننس کی انتہا ہے۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے عدلیہ کے خلاف محاذ آرائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم نے عدلیہ کو فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے اشتعال دلانے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت جوڈیشری کے خلاف بیان دیا۔ حکمران اپنے سازشی رویے سے دہشت گردی کی جنگ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کی طرف پیشرفت نہ ہونا المیہ ہے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف نہ ملنے کے خلاف آج لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top