وزیر اعلیٰ پٹرول کیلئے خوار ہونے والے عوام کا سامنا کیوں نہیں کرتے؟ پاکستان عوامی تحریک
صوبے کے عوام کے حقوق کے تحفظ میں ناکام وزیر اعلیٰ مستعفی ہو جائیں
قومی یکجہتی کی فضا کو پٹرول بحران کی نذر کر دیا گیا، ڈاکٹر رحیق عباسی کا یوتھ کیبنٹ
کے اجلاس سے خطاب
لاہور (18جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ صوبہ کے 10 کروڑ عوام کے حقوق کے تحفظ میں ناکام وزیر اعلیٰ پنجاب بلاتاخیر مستعفی ہو جائیں۔ وزیر اعلیٰ پٹرول کیلئے خوار ہونے والے عوام کا سامنا کیوں نہیں کرتے، مینار پاکستان کیمپ لگا کر لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے اب کہاں چھپے بیٹھے ہیں۔ پنجاب کی 65 سالہ تاریخ میں آج تک 100 فیصد سی این جی سٹیشن بند ہوئے نہ 95 فیصد پٹرول پمپس بند ہوئے، دسمبر جنوری میں اتنی لوڈ شیڈنگ ہوئی اور نہ ہی سرکاری بندوقوں سے بے گناہوں کو خون میں نہلایا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کی فضا کو کرپٹ اور منافع خور حکمرانوں نے پٹرول کے مصنوعی بحران کی نذر کر دیا، قوم ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کر کے اپنی سیاسی غلطیوں کا کفارہ ادا کرے۔ تاجر اور صنعتکار بھی شریف برادران کے بارے میں اپنے سیاسی خیالات بدلیں۔ عوام پر ظلم ڈھانے والوں کا ساتھ دینے کا نتیجہ ہے کہ کاروبار سے برکت غائب اور ذہنی سکون برباد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی سنٹرل کیبنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے شعیب طاہر، حافظ وقار، اشتیاق حنیف مغل، عمران بھٹی، شعیب بھٹی، ساجد بھٹی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو ہر آفت کا سب سے زیادہ شکار ہوتا ہے۔ سب سے زیادہ لودشیڈنگ، گیس کا بحران، بے روزگاری، صنعتوں کی بندش، جعلی پولیس مقابلے، جعلی منصوبے اور چور بازاری پنجاب میں ہے۔ ایسا نااہل وزیر اعلیٰ مزید مسلط رہا تو عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی لاہور کہہ رہا ہے کہ 27 لاکھ لیٹر پٹرول لاہور پہنچ گیا ہے، وفاقی وزراء کہہ رہے ہیں کہ تیل والا جہاز کراچی کھڑا ہے تو راتوں رات یہ 27 لاکھ لیٹر پٹرول کہاں سے آ گیا؟۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی او لاہور کو اس بحران میں آگے کرنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب اور عوام کے نام نہاد نمائندے کہاں ہیں؟ سڑکوں پر ایک ہفتے سے خوار ہونے والے عوام کا سامنا کیوں نہیں کر رہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ جتنی جلد ہو سکے قوم ان کاروباری حکمرانوں سے نجات حاصل کر لے ورنہ یہ عوام کی زندگی میں ہر روز زہر گھولتے رہیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان عوامی تحریک بہت جلد اس حکومت کے خلاف ایک مؤثر اور فیصلہ کن تحریک کا اعلان کرنے والی ہے۔
تبصرہ