ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو میں سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس
ہرسال کی طرح امسال بھی 11 جنوری 2015 بروز ہفتہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شدید برف باری اور سردی کی شدت کے باوجود کثیر تعداد میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اوسلو کے علاوہ ناروے کے دوسرے شہروں Moss Skedsmo,، Drammen اور Fredrikstad سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس کی وجہ سے مسجد کا وسیع و عریض خوبصورت ہال شرکاء سے بھرگیا۔
کانفرنس میں سفیر پاکستان عبدالحمید وڑائچ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کانفرنس میں دیگر مہمانان گرامی قدر میں امیر یورپ علامہ حسن میر قادری، خواجہ محمد زبیر معصومی سجادہ نشین دربار عالیہ موری شریف، علامہ قاری اسرار احمد نقشبندی امام و خطیب مسلم سینٹر فیورسٹ نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آ غاز قاری القراء قاری عبدالرحمان کی دلسوز آواز میں تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ناروے کے مشہور و معروف نعت خواں ہارون قیوم صدر منہاج نعت کونسل اور خصوصی طور پر جرمنی سے تشریف لائے ہوئے مشہور و معروف نعت خواں فیض احمد چشتی نے نہایت ہی پرسوز آواز میں نعت خوانی کی، اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیوانے جھوم جھوم کر درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے رہے۔ منہاج یوتھ لیگ ناروے کی طرف سے عطاءالمصطفی نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کے حوالے سے نارویحن میں گفتگو کی۔
پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مذہبی سکالر علامہ رانا محمد ادریس نائب ناظم اعلی دعوت و تربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل نے خصوصی خطاب کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقصد لوگوں کو اللہ سے جوڑنا تھا اور گمراہ قوم کو رہنمائی دینا تھی۔ آپ نے آ قا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو میزان قرار دیا اور کہا کہ جو جتنا حضور صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کی سیرت کے مطابق عمل کرتا جائے گا اس کے اعمال کا میزان اتنا بھاری ہوتا جائے گا۔ آپ نے فرمایا کہ اگر امت مسلمہ دوبارہ عروج چاہتی ہے تو اسے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق جوڑنا ہوگا اور آ پ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا ہو گا اور موجودہ صدی میں یہ کام تحریک منہاج القرآن احسن انداز میں کر رہی ہے اور بانی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں امت مسلمہ کا اللہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم سے ٹوٹے تعلق کو دوبارہ جوڑنے اور استوار کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ رانا محمد ادریس قادری نے تمام شرکاء کو تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کی دعوت دی۔
منہاج یوتھ لیگ نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی علامہ رانا محمد ادریس کے خطاب کا احسن انداز میں پروجیکٹر کے ذریعے لائیو نارویحن زبان میں ترجمہ کیا جس کو شرکاء خصوصا یوتھ نے بہت پسند کیا۔ نقابت کے فرائض علامہ صداقت علی قادری پرنسپل منہاج سکول اوسلو اور علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے سر انجام دیئے۔ اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نےتمام معزز مہمانان گرامی اور شرکاء کانفرنس کا تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا، اور منہاج القرآ ن انٹرنیشنل میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر عہدیداران کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم موقع پر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ صدر منہاج یوتھ اویس اعجاز نے ویب سائٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ کانفرنس کا اختتام امیر یورپ علامہ حسن میر قادری کی خصوصی دعا سے ہوا۔ دعا کے بعد شرکاء کانفرنس کے لئے بہترین ضیافت میلاد کا اہتمام کیاگیا۔ کانفرنس کے انتظام و انصرام میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی انتظامیہ اور دیگر جملہ فورمز جن میں منہاج ویمن لیگ ناروے، منہاج یوتھ لیگ، منہاج سسٹرز، منہاج ویلفئیر اور منہاج مصالحتی کونسل نے اہم کردار ادا کیا۔
کانفرنس کے بارے میں اعجازاحمد وڑائچ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح یہ کانفرنس بھی ہر حوالے سے کامیاب تھی اور کانفرنس میں بہترین نطم و ضبط اس کی نفرادیت تھی۔ آپ نے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے میں میلاد کے مہینہ میں ہر ہفتہ کو پر نور محافل ذکر و نعت اور درود و سلام کا بھرپور اہتمام کیا گیا جس میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد شرکت کرتی رہی۔ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں منہاج القرآن انٹرنیشل ناروے کی بلڈنگ کو پورا مہینہ برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ربیع الاول میں منہاج ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام خواتین کا تیسرا سالانہ میلاد پروگرام اور منہاج یوتھ لیگ ناروے کے زیراہتمام مولد کانفرنس کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ آ پ نے ایگزیکٹو اور دیگر جملہ فورمز کے تمام ممبران کو کانفرنس کی کامیابی کی مبارک باد دی اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں دن رات محنت کر کے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔
رپورٹَ۔ قیصر محمود
تبصرہ