توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے انسانیت کے مجرم ہیں۔ احمد نواز انجم

مغرب آزادئ اظہار کے نام پر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے بنیادی حقوق کو روند رہا ہے، میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما احمد نواز انجم نے کہا کہ توہین آمیز خاکے شائع کرنے والوں نے انسانیت کے مجرم ہیں، جب تک اقوام متحدہ مقدس ہستیوں کی توہین کو جرم قرار دینے کا قانون نہیں بنائے گی عالم اسلام کا احتجاج جاری رہے گا اور تہذیبوں کے تصادم کو روکنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات مصطفی خان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، سٹی صدر اجمل چوہدری، عرفان طاہر، فاروق بٹ، انصار ملک، قاری منہاس، شمریز اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری کر کے آزادی اظہار کے قانون کا غلط استعمال کیا گیا۔ مغرب دنیا کے 57 اسلامی ممالک کے بنیادی حقوق کو کب تک روندتا رہے گا۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے خط کے ذریعے عالمی سربراہوں سے آزادی اظہار کی نئی تعریف کئے جانے کے حوالے سے درست مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی ممالک کی منتخب جمہوری حکومتیں اس خط کا سنجیدگی سے مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے مذکورہ خط کا مطالعہ کرے اور مدلل انداز میں اس اہم ترین معاملے پر سفارتی کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغرب چاہتا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھڑ جائے تو اسے آزادی اظہار کے نام پر دہشت گردانہ اقدامات کا راستہ بھی روکنا پڑے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top