کوئی شریف آدمی شریف برادران کے ساتھ نہیں چل سکتا، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

پنجاب کے شہنشاہ کا صوبہ گجومتہ سے شروع ہو کر شاہدرہ پر ختم ہو جاتا ہے‎
حکمران جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے موقف سے منحرف ہو چکے ہیں‎
گورنر پنجاب کی پریس کانفرنس حکمرانوں کے خلاف چارج شیٹ ہے‎
شہباز دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، حکمرانوں کے چل چلاؤ کا وقت قریب آ گیا‎
تاروں میں بجلی، تھانوں میں انصاف، پیٹ میں روٹی نہیں اور نام نہاد وزیر اعلیٰ میٹرو بسیں چلاتے پھرتے ہیں‎
مظفر گڑھ میں پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب

لاہور (29 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ کوئی شریف آدمی شریف برادران کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ گورنر پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف آواز اٹھائی تو پوری ن لیگ انکے پیچھے پڑ گئی۔ چودھری سرور جس اعلیٰ حکومتی عہدے پر تھے انہوں نے جو دیکھا بیان کر دیا۔ انکی پریس کانفرنس حکمرانوں کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ ان سارے حقائق سے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری قوم کو بہت عرصہ قبل آگاہ کر چکے ہیں۔ موجودہ حکمران جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے موقف سے منحرف ہو چکے ہیں۔ حکمرانوں اور جنوبی پنجاب کے غیور عوام کے درمیان معاہدہ عمرانی عملاً ٹوٹ چکا ہے اور میاں برادران حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ امانت میں خیانت اور وعدوں سے منحرف ہونے والوں کو بر طرف کر کے اقتدار کی امانت اہل لوگوں کے سپر د کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ میٹرو بسوں کیلئے تو ان حکمرانوں کے پاس اربوں ہیں مگر تعلیم، صحت اور صاف پانی کیلئے کچھ نہیں ہے۔ ہر دوسرے دن بحرانوں کے تحفے دینے والے حکمران عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں ان کے چل چلاؤ کا وقت قریب آ گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع سردار شاکر مزاری، قمر عباس، افتخار قریشی ایڈووکیٹ، حاجی بشیر احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ طاقت اور اقتدار کا سر چشمہ عوام ہیں۔ اقتدار ایک مقدس امانت ہے جو عوام حکمرانوں کو اس لئے سونپتے ہیں کہ آئین کے تحت حاصل حقوق انکو انکی دہلیز پر ملیں۔ ظالم حکمرانوں نے اس مقدس امانت میں خیانت کی اور اقتدار کو ملکی اور عوامی مفاد کے منافی استعمال کر کے عوام کو کلیتاً محروم، اداروں کو کمزور اور جنوبی پنجاب کے عوام کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاروں میں بجلی، تھانوں میں انصاف، پیٹ میں روٹی نہیں اور نام نہاد وزیر اعلیٰ پنجاب میٹرو بسیں چلاتے پھرتے ہیں۔ پنجاب کے شہزادے کا صوبہ گجومتہ سے شروع ہو کر شاہدرہ پر ختم ہو جاتا ہے۔ آنے والے الیکشن میں ن لیگ جی ٹی روڈ کے اس حصے کی حکمران بھی نہ رہے گی۔ حکمران عوام کے حقوق معطل کر دیں تو عوام حق رکھتے ہیں کہ بد یانت حکمرانوں کو گھر بھیج دیں۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top