پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے دربار غوثیہ مچھ بلوچستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت، ڈاکٹر رحیق عباسی

مرکزی اور بلوچستان حکومت دہشت گردی کی سفاک کارروائی کے ذمہ دار ہیں
دہشت گردوں کو نہ پکڑا گیا تو عظمت صوفیاء رحمۃ اللہ علیہ کے پاسبان بن کر سڑکوں پر نکلیں گے
دربار غوثیہ پر حملہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب، دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں
صوفیا کرام رحمۃ اللہ علیہ کروڑوں دلوں میں بستے ہیں انکی حرمت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے نیست و نابود ہو جائیں گے
ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردوں کو خوارج قرار دے کر رہنمائی کا فریضہ ادا کر دیا ہے‎

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پیر سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے دربار غوثیہ مچھ بلوچستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دربار عالیہ کی بے حرمتی کرنے والے درندے ہیں۔ مرکزی اور بلوچستان حکومت دہشت گردی کی سفاک کارروائی کے ذمہ دار ہیں۔ دربار غوثیہ مچھ بلوچستان پر حملہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔ دربار شریف کو نظر آتش کرنے،قرآنی اوراق کے بے حرمتی اور خادم کو زخمی کرنے والے قومی مجرم ہیں، وہ زیادہ دیر اپنی بزدلانہ کارروائیوں کو جاری نہ رکھ سکیں گے، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اولیاء کرام عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں انکے مزارات کی سیکیورٹی میں غفلت برتنے والے حکمران جان لیں کہ انکا اقتدار چند روزہ ہے۔ صوفیا کرام رحمۃ اللہ علیہ کروڑوں دلوں میں بستے ہیں انکی حرمت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے نیست و نابود ہو جائیں گے۔ دربار غوثیہ کی بے حرمتی کرنے والے دہشت گردوں کو نہ پکڑا گیا تو عظمت صوفیاء کے پاسبان بن کر سڑکوں پر نکلیں گے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردوں کو خوارج قرار دے کر رہنمائی کا فریضہ ادا کیا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سے مدد لے کر دہشت گردی کے جڑ سے ختم کرنے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات کو شرک و بدعت قرار دینے والوں سے کون واقف نہیں، اولیاء کرام کی گستاخی کا مواد کن کتابوں میں موجود ہے، حکمران سب جانتے ہیں، اگر دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص ہوں تو دہشت گرد دندناتے نہ پھریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top