یوتھ پارلیمنٹ کے وفد کا عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ کا دورہ

ڈاکٹر طاہرالقادری کے فلاحی کام زیادہ تشہیر کم ہے، طالب علموں کے ریمارکس
منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام چلنے والے 700 سکولوں میں 40 فیصد بچے مفت پڑھتے ہیں
‎70 سے زائد ڈسپنسریاں اور 4 ہسپتالوں میں غریب مریضوں کا 100 فیصد علاج مفت ہوتا ہے

لاہور (10فروری 2015) نیشنل یوتھ اسمبلی کے 13 رکنی وفد نے گورنر یوتھ اسمبلی مدثر شہباز کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے نوجوانوں کے وفد کو بتایا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام چلنے والے 700 سکولوں میں 40 فیصد طالب علم مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ملک بھر میں قائم 70 سے زائد ڈسپنسریاں اور 4 بڑے ہسپتال غریب اور نادرا مریضوں کا 100 فیصد مفت علاج کر رہے ہیں، یتیم بچوں کی کفالت اور بچیوں کی شادی کے اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ صاف پانی کی فراہمی کے ملک گیر منصوبے پر کان میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو بطور خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

وفد کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ اور بیت الزہرا کی ڈائریکٹر مدثرہ بلوچ نے بھی ویلفیئر پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی، پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر شعیب طاہر نے یوتھ اسمبلی کے وفد کو خوش آمدید کہا اور یوتھ اسمبلی کو نوجوان قیادت کی تربیت کا ایک مفید پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اسمبلی کے نوجوان مستقبل کے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ہیں، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ یوتھ اسمبلی کے عہدیداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے اور تعلیم کو عام کرنے کی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔

اس موقع پر یوتھ اسمبلی کے وفد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے علمی، تحقیقی اور فلاحی کام بے اندازہ مگر تشہیر نہیں ہے، وفد کی قیادت کرنے والے یوتھ اسمبلی کے گورنر مدثر شہباز نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف وہ کام کر دکھایا جو کسی حکومت کے کریڈٹ پر بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دھرنے نے قوم کو ظلم کے خلاف بولنے کی جرات دی۔ یوتھ اسمبلی کے وفد نے میڈیا سیل، گوشہ درود، لائبریری ہال سمیت تمام دفاتر کا دورہ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top