حکمرانوں کے پاس معاشی ترقی کا نہ وژن ہے، نہ ہی ٹھوس منصوبہ بندی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور

انقلاب مارچ میں کارکنوں کی قربانیوں نے مایوس اور ناامید لوگوں کو ایک نئی امید اور کمزوروں کو طاقت دی
عوام پر ظلم کرنے والے آمرانہ ذہنیت کے لوگ ایوانوں میں بیٹھے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ چنیوٹ میں دریافت ہونے والے سونے اور پیتل کے ذخائر کی طرح پہلے سے ملک میں قدرتی ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں، مگر افسوس ان کا فائدہ غریب عوام تک نہیں پہنچنے دیا جاتا۔ پاکستان میں ساحل سمندر کے آس پاس تیل کے بڑے ذخائر اور بلوچستان میں سونا، چاندی اور دیگر معدنیات جیسے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ ان قدرتی وسائل کو عوام کی حالت بہتر بنانے کے لئے استعمال کریں، لیکن مفاد پرست اور نااہل حکمران ملکی ذخائر کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس معاشی ترقی کا نہ ویژن ہے، نہ ہی ٹھوس منصوبہ بندی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایران انقلاب کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد عوامی تحریک کے عہدیداران و کارکنان سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں حکمران محلات میں رہیں اور غریب روٹی، کپڑا، مکان، انصاف، تعلیم اور بنیادی ضروریات کو ترسیں وہ معاشرہ کفر کا معاشرہ تو ہو سکتا ہے لیکن اسلامی، جمہوری معاشرہ نہیں ہو سکتا، موجودہ حکمران عوام کے مجرم ہیں، جنہوں نے غریب عوام کو مسائل کی چکی میں پیس کے رکھ دیا ہے، پٹرول کی قیمتوں میں عالمی سطح پر جتنی کمی ہوئی، اتنا ریلیف پاکستانی قوم کو دینے کی بجائے جنرل سیلز ٹیکس 17 سے بڑھا کر 27 فیصد کر کے غریب کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب مارچ اور دھرنے میں کارکنوں کی قربانیوں نے مایوس اور ناامید لوگوں کو ایک نئی امید اور کمزوروں کو طاقت دی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین، قانون اور جمہوریت کا حقیقی چہرہ دکھا کر عوام کو بیدار کر دیا، آج ہر شخص آئین، قانون اور جمہوریت کی حقیقت سے آشنا ہو چکا ہے، ہمارے حکمرانوں نے آئین کو پامال کیا، قانون کی عملداری نہیں ہونے دی، جمہوریت کو صرف انتخابات کا نام دے کر عوام کو صرف ووٹ دینے تک محدود کر دیا گیا، سیاست کو مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ عوام پر ظلم کرنے والے آمرانہ ذہنیت کے لوگ ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ جس طرح درج ہوا پوری قوم کے سامنے ہے، لیکن افسوس مقدمہ درج ہونے کے باوجود قاتل حکمرانی کر رہے ہیں، آج تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی، انصاف کی دھجیاں بکھر رہی ہیں۔ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افراد کو سزا دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top