کارکن پارٹی الیکشن کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی بھرپور تیاری کریں: ڈاکٹر طاہرالقادری

سینیٹ الیکشن میں حکومت نے 12 ارب بانٹے، الیکشن کمیشن خاموش کیوں ہے؟ ڈاکٹر طاہرالقادری
حکومت دہشتگردی کیخلاف آواز اٹھانے پر عوامی تحریک اور منہاج القرآن کیخلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے
سوئس بینکوں کا پیسہ واپس لانے کے دعویداروں نے کرپشن کا مزید 500 ارب دبئی منتقل کر دیا
ایک کمانڈ اور کنٹرول سسٹم کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو گی، سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب
14 بے گناہوں کو شہید اور 257 کو زندہ جلانے والے سفاک جمہوری نظام کو بدل کر دم لیں گے

لاہور (20 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے گزشتہ روز عوامی تحریک اور منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے مشترکہ خصوصی اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی الیکشن کے ساتھ ساتھ بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کریں، سینیٹ الیکشن کے دوران حکومت نے 12 ارب روپے کی سیاسی رشوت بانٹی، الیکشن کمیشن خاموش کیوں ہے؟ دھاندلی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قومی ایشوز پر حکومت کی ہٹ دھرمی اور ڈھٹائی پہلے سے بڑھ گئی، دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانے پر عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے خلاف حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے، ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کے بعد اب منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی گھٹیا حرکت ہو رہی ہے، حکمرانوں کا کوئی بھی ہتھکنڈا کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے چہروں سے نقاب اٹھنے والا ہے، ایک کمانڈ اور کنٹرول سسٹم کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو گی، اپنی بات کو دہرا رہا ہوں موجودہ حکمران دہشت گردوں کے خلاف نرم گوشہ رکھتے ہیں یہ قومی ایکشن پلان کو کامیاب نہیں ہونگے دینگے۔ سوئس بینکوں سے لوٹی گئی دولت واپس لانے کے دعویداروں نے کرپشن کے مزید 500 ارب دبئی منتقل کر دیے۔ کرپشن اور لوٹ مار پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مک مکا جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور نیب ان امیر کبیر پاکستانیوں کی فہرست جاری کرے جنہوں نے گزشتہ 18 ماہ میں کھربوں کی جائیدادیں خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضے کمیشن میں تبدیل ہو کر بیرونی بنکوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔ یہ حکمران جب تک مسلط رہیں گے ملک اور عوام پستے رہیں گے۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان عوامی تحریک اور اس کے کارکنوں کا اہم قومی سیاسی کردار ہو گا، کارکن ظالم نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کی تیاری کریں، ظلم کے نظام کو ایوانوں کے اندر بیٹھ کر بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریب پاکستانیوں کو بااختیار، پراعتماد اور آسودہ حال بنانے کیلئے آخری سانس تک لڑوں گا۔ 14 بے گناہوں کو شہید اور 257 کو زندہ جلانے والے سفاک جمہوری نظام کو بدل کر دم لینگے۔ پولیس حکمرانوں کی حفاظت پر مامور اور عوام کو اپنی مدد آپ کے تحت اپنی حفاظت کرنے پر مجبور کر دیاگیا ہے۔ موجودہ حکمران دہشت اور دہشت گردی کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ 16 دسمبر کے بعد شکارپور، پشاور، لاہور اور راولپنڈی میں ہونیوالی دہشتگردی کی وارداتیں آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں۔ پاکستان کا ہر شہر دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے۔

حکومت سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کر کے اپنے ہی سابقہ ریکارڈ توڑنے میں لگی ہوئی ہے، گزشتہ 18 ماہ میں وزیراعظم نے اراکین پارلیمنٹ کو ایک پائی ترقیاتی فنڈ کی مد میں جاری نہیں کی، سینیٹ کی انتخابی مہم کے دوران کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا خیال کیسے آ گیا۔ اس کھلی دھاندلی پر الیکشن کمیشن کی خاموشی نے ہمارے موقف کو ایک بار پھر درست ثابت کر دیا کہ بے اختیار الیکشن کمیشن دھاندلی کے ناسور کو ختم نہیں کر سکتا۔ الیکشن کمیشن بااختیار ہوتا تو سینیٹ کی انتخابی مہم کے دوران حکومت کو ساڑھے 12 ارب روپے کی سیاسی رشوت بانٹنے کی جرات نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سالوں میں پاکستان کے سیاستدانوں، سرکاری افسران اور ذخیرہ اندوزوں نے پانچ سو ارب روپے کی دبئی میں جائیدادیں خریدیں، جس ملک کے 50 فیصد سے زائد عوام خط غربت سے نیچے اور 80 فیصد صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم ہوں اس ملک کے لوگ دبئی کی جائیدادیں خریدنے کے دنیا میں دوسرے نمبر کے خریدار کیسے بن گئے؟

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top