قطر سے ہونے والا 21 ارب ڈالر کا مبینہ معاہدہ قوم کے سامنے لایا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

ڈاکٹر طاہرالقادری کا چیف جسٹس بھگوان داس کے انتقال پر اظہار افسوس
چیف الیکشن کمشنر ضرور بدلالیکن دھاندلی کا نظام نہیں بدلا
منگلا، تربیلا سے 11 پیسے یونٹ لاگت والی بجلی16روپے میں بیچنے کی عدالتی تحقیقات کی جائیں
‎6 ماہ میں 651 ارب کے قرضے معیشت کی بربادی ہے، قومی شاہرات اور آئندہ تیار ہونے والی فصلیں بھی گروی رکھ دی گئیں‎
عوام کو لوٹنے والے جب خود کو خادم کہتے ہیں تو دل دکھتا ہے، مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فون پر گفتگو‎

لاہور (23 فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ قطر سے 21 ارب ڈالر کا مبینہ معاہدہ قوم کے سامنے لایا جائے اس کے ساتھ ساتھ منگلا اور تربیلا ڈیم سے 11پیسے کی لاگت سے فی یونٹ پیدا ہونے والی بجلی صارفین کو 16روپے میں فروخت کرنے کے جرم کی عدالتی تحقیقات کروائی جائے اور بجلی کے بلوں کے ذریعے لوٹی گئی رقم بجلی کے بلوں کے ذریعے واپس کی جائے۔ عوام کو نت نئے طریقوں سے لوٹنے والے جب خود کو خادم کہتے ہیں تو دل دکھتا ہے۔ سینیٹ اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی خاموشی پر افسوس ہے۔ چیف الیکشن کمشنر ضرور بدلا لیکن دھاندلی کا نظام نہیں بدلا۔ گذشتہ روز مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب قطر کے ہنگامی خفیہ دورے کرتے رہے اس لئے ایل این جی کے معاہدے کی چھان بین ضروری ہو گئی ہے اگر یہ قومی معاہدہ ہے تو سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ قطر آتے جاتے کیوں نہیں دیکھے گئے؟ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ معیشت کی بربادی کا ذمہ دار دھرنوں کو ٹھہرانے والے خود اس تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ تین تین بار حکومتیں کرنے والوں کو معیشت کی ابجد کی بھی سمجھ نہیں۔ وزیر خزانہ سے معیشت نہیں سنبھالی جا رہی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 651ارب روپے کے نئے قرضے اس نا اہلی کا ثبوت ہیں۔ قومی شاہرات اور آئندہ تیار ہونے والی فصلیں بھی گروی رکھ دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ویثرن اور اہلیت سے محروم حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں اتار دیا ہے۔ جسے باہر نکالنے کیلئے دو نسلوں کی محنت درکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے سستے ہونے کا فائدہ غریب عوام تک نہیں پہنچا اب حکمران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں رد و بدل کا ایک نیا شیطانی چکر چلانے لگے ہیں۔ حکمران سن لیں پٹرول مہنگا کیا گیا تو سب سے زیادہ موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں والے متاثر ہونگے، حکومت نیا کھیل کھیلنے سے باز رہے۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس (ر‎) بھگوان داس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم ایک محنتی جج، قابل اور محب وطن انسان تھے ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top