بلدیاتی الیکشن پر سندھ اور پنجاب کی حکومتیں 7 سال سے جھوٹ بول رہی ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 03 مارچ 2015ء

حکمران عدالت کے دباؤ پر انتخابات کی تاریخ دے کر اگلے ہی روز منحرف ہو جاتے ہیں
سپریم کورٹ وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے
ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جس میں عام آدمی کو دیوار سے لگا دیا جائے، مرکزی صدر عوامی تحریک

لاہور (3 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جس میں عام آدمی کو دیوار سے لگادیا جائے، بلدیاتی الیکشن پر سندھ اور پنجاب کی حکومتیں عوام اور عدالتوں سے 7سال سے جھوٹ بول رہی ہیں۔ ہم خیال جماعتوں، سول سوسائٹی، وکلاء رہنماؤں، سابق ناظمین، نائب ناظمین اورکونسلرز سے ملکر احتجاجی تحریک چلانے پر غور کررہے ہیں، اس حوالے سے رابطے جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کے سوشل میڈیا کی خصوصی میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے رائے عامہ ہموار کی جائے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ حکمران انتخابات کی تاریخ مقرر کر کے اگلے روز منحرف ہو جاتے ہیں اور اس چوہے بلی کے کھیل میں الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے، آئین اور عدالتوں سے مسلسل مذاق پر سپریم کورٹ وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے 7سال سے آئین اور عوام کے بنیادی حقوق کو مذاق بنا رکھا ہے۔ یہ نام نہاد جمہوری حکمران عام آدمی کو اقتدار اور وسائل میں حصہ دار بنتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ دونوں سٹیٹس کو کی جماعتیں اختیارات کی مرکزیت پر یقین رکھتی ہیں اس طرز حکمرانی کی وجہ سے عوام جمہوریت سے متنفر ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ سابق ناظمین، نائب ناظمین، کونسلرز سے ملکر حکمرانوں کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی اور بلدیاتی ادارے، ان کے فنڈز اور وسائل غاصب حکمرانوں سے واگزار کروائے جائینگے۔ پنجاب حکومت نے جو کٹھ پتلی بلدیاتی نظام دینے کی کوشش کی ہے اس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 140‎A کے تحت حد بندی الیکشن کمیشن کا اختیار ہے جسے ایکسرسائز کرنے کی زحمت ہی نہیں کی گئی اور الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے صوبائی حکومتوں کو ٹھیکہ دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ہوں یا سینیٹ کے یا بلدیاتی انتخابات ہر موقع پر الیکشن کمیشن نے مایوس کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top