چکوال: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہید انقلاب حافظ محمد رضوان کے اہل خانہ سے ملاقات

مورخہ: 01 مارچ 2015ء

چیرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گزشتہ روز چکوال کا دورہ کیا، ان کے ساتھ صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری اطلاعات پاکستان عوامی تحریک قاضی فیض الاسلام، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور ڈویژنل عہدیدران بھی شامل تھے۔ ان کے دورے کا بنیادی مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے کوٹ چوہدریاں کے حافظ محمد رضوان شہید کے اہل خانہ سے تعزیت تھا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا نائب امیر تحریک منہاج القرآن چکوال حاجی مزمل عباس کی رہائش گاہ پر شدید بارش کے باوجود سینکڑوں کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا قصاص ہر صورت میں لیں گے اور قاتلوں کو ان کے کیفرکردار تک پہنچائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری ان شاءاللہ جلد ہی پاکستان واپس آکر اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور پاکستان میں مصطفوی انقلاب کا سویرا ان شاءاللہ جلد طلوع ہوگا۔ اس موقع پر منہاج القرآن کی تمام تنظیمات جن میں پاکستان عوامی تحریک، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے عہدیداران اور کارکنان سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ ایک قافلہ کی صورت میں کوٹ چوہدریاں روانہ ہوئے جہاں پر انہوں نے حافظ محمد رضوان شہید کے گھر جا کر ان کے والدین سے اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکیزہ خون ہے اور یہ رائیگاں نہیں جائے گا، اللہ تعالیٰ نے شہید حافظ رضوان اور ان کی طرح دوسرے شہدائے ماڈل ٹاؤن کواپنے خاص الخاص بندوں میں شامل کرلیا ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کے چنے ہوئے بندوں میں سے ہیں، ایسے کارکنان موجود ہیں تو اس دھرتی پر کوئی طاقت انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتی۔ ہم اپنے تنظیمی سٹرکچر کو وسیع کرنے کیلئے انتخابات کروا رہے ہیں، آخر میں انہوں نے شہید کے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل کیلئے دعا بھی کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top