تحریک منہاج القرآن (شعبہ تربیت) کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں 7روزہ تربیتی کیمپ برائے معلمین شروع

مورخہ: 05 مارچ 2015ء

معلمین اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کو عام کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں‎
معلمین کو اسلام کے بنیادی تصورات کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ تعلیم اور دلائل سے کرنا چاہیے
افتتاحی سیشن سے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی، علامہ اعجاز ملک، علامہ ظہیر نقشبندی، عین الحق بغدادی کا خطاب‎

لاہور (5 مارچ 2015) تحریک منہاج القرآن (شعبہ تربیت) کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں 7روزہ تربیتی کیمپ برائے معلمین شروع ہو گیا، جس میں ملک بھر سے سینکڑوں معلمین اور طلباء نے شرکت کی۔ تربیتی کیمپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور تعلیم و تربیت انبیاء کا مشن ہے۔ انبیاء ؑ کا مشن ہی انسانیت کیلئے رحمت ہے۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام دین اسلام کی بنیادی ضروریات کو جاننے کیلئے پورے پاکستان میں ’’آؤ دین سیکھیں‘‘ کورس اور ترجمۃ القرآن سیکھنے کیلئے تین ماہ پر مشتمل عرفان القرآن کورس کے اجرا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کورسز کے بارے میں کہا کہ اس سے دین اسلام کے بارے میں بنیادی معلومات اور ترجمۃ القرآن کی صلاحیت طلباء و طالبات میں پیدا ہو گی۔ تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے، جو افراد دین اسلام کی اشاعت اور فروغ کیلئے جدوجہد کر تے ہیں وہ حقیقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ معلمین اعتماد اور اعتقاد سے انسانیت کی تعلیم و تربیت کو عام کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں کو سیدھی راہ نصیب ہوتی ہے اور اعمال صالح اپنانے والوں کو اللہ تعالیٰ مغفرت سے نواز دیتے ہیں۔ معلمین کو اسلام کے بنیادی تصورات کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ تعلیم اور دلائل سے کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ قرآن مسلمانوں کی فکری رہنمائی اور سنت مصطفی  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن و سنت کو جدا کرنے والے اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ تعلیم کو عام اور سستا کرنے سے ہی معاشرہ سنور سکتا ہے۔ قوم کے طلباء و طالبات کی ترببیت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے یہ موجودہ دور میں بہت بڑا جہاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معلمین تعلیم اور کردار کی طرف توجہ دیں تو معاشرے پر اچھے اچرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے تربیتی نشست میں آنے والے سینکڑوں اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور’’ آئیں دین سیکھیں ‘‘کورس کا تعارف بھی کرایا۔ تربیتی کیمپ علامہ اعجاز ملک، علامہ ظہیر نقشبندی، عین الحق بغدادی نے بھی خطاب کیا ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top