برنالہ (آزاد کشمیر): تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’سفیر امن‘‘ سیمینار

مورخہ: 12 مارچ 2015ء

تحریک منہاج القرآن برنالہ آزاد کشمیر کے زیراہتمام ڈاکٹر طاہرالقادری کے 64 ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں سفیر امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مرزا اقبال طاہر زونل ناظم منہاج القرآن آزاد کشمیر نے کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ پروگرام میں ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے خصوصی شرکت کی، علاوہ ازیں مرزا محمد شفیق جرال سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر، علامہ جمیل احمد زاہد، پروفیسر رفیع اللہ، کبیر ہاشم ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی برنالہ، چوہدری اللہ دتہ ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری برنالہ بار ایسوسی ایشن، پروفیسر اجمل پرویز چوہدری، راجہ محمد اسلام ایڈووکیٹ، انصر محمود صدر کشمیر پریس کلب برنالہ، شاہد الرحمن چوہدری، شہزاد اقبال، پروفیسر مراد علی چوہدری، رضوان کسانہ، حاجی ظفر علی سمیت خواتین و حضرات کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔

سیمینار سے ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری وطن عزیز سمیت دنیا بھر میں پیغام امن کو عام کرنے کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم معاشرہ میں جب سے حقیقی تصوف نکلا ہے، معاشرہ تشدد کی جانب بڑھتا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج مسلمان دوسرے ہی مسلمان کا گلہ کاٹ رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے ادارہ منہاج القرآن کی بنیاد ہی فروغ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر رکھی، اور یہی وجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن وطن عزیز سمیت ساری دنیا میں اسلام کے پیغام کو علم کے ذریعے عام کرنے میں کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہشت گردی کے خلاف فتوی اسلام کے امن کے پیغام کا بہترین عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ہزار سالہ تاریخ میں اتنا خون نہیں بہایا، جتنا چند سالوں میں بے گناہ لوگوں کا بہایا گیا ہے۔

تقریب سے چوہدری عرفان یوسف مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، پروفیسر شعیب عارف، غلام مصطفی صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور درازئ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top