مارچ کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بے سہارا بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب ہو گی

مورخہ: 14 مارچ 2015ء

20 مسلم اور 3 مسیحی جوڑے شامل ہونگے

لاہور (14مارچ 2015) ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اس سال بھی 29 مارچ کو 23 غریب اور بے سہارا بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منہاج یونیورسٹی گراؤنڈ ہمدرد چوک ٹاؤن شپ میں ہو گی۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ شادیوں کی اس تقریب میں 20 مسلم اور 3 مسیحی جوڑے شامل ہونگے۔ مسلم جوڑوں کے نکاح کیلئے علمائے کرام اور مسیحی جوڑوں کے نکاح کیلئے پادری صاحبان پنڈال میں موجود ہونگے۔ ہر جوڑے  کا نکاح الگ الگ ہوتا ہے اور اس کیلئے منہاج القرآن علماء کونسل کے علمائے کرام کی خدمات لی جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سر براہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم شہزاد، تنویر ہمایوں، میاں افتخار، عدنان جاوید و دیگر بھی موجود تھے۔

سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مہندی غریب کی بیٹی کے ہاتھوں کی بجائے سر کے بالوں میں لگنی شروع ہو جاتی ہے مگر بیٹی اور بہن کو بیاہنا انتہائی محال ہو گیا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملکی تاریخ میں غریبوں کی مدد کیلئے ہمیشہ ایسے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن سے ان کے مسائل حل ہوئے۔ انہوں نے کہا  کہ ہر سال مرکزی سطح پر اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد ہوتا ہے جس میں ہر بچی کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے سامان کا گفٹ دیا جاتا ہے۔ دولہا اور دلہن کے 50 مہمانوں کو کھانا بھی دیا جاتا ہے، اس طرح تقریباً 2000 مہمانوں کے کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ پنڈال کو بہت خوبصورتی سے سجا کر خوشی کی اس تقریب کو منایا جاتا ہے۔ 29 مارچ کو ہونے والی شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، شوبز، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے اہم نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کی تیاری تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہر طرح کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top