پاکستان عوامی تحریک کا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ

مورخہ: 20 مارچ 2015ء

راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ بورڈ میں حیران کن نتائج دیں گے۔ ملک افضل
باکردار، اہل اور دیانت دار نوجوان امیدواروں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا
ملک افضل اور نعیم سلطان کیانی کی سربراہی میں کمیٹی قائم

کرپٹ اور حادثاتی لیڈر شپ کے خاتمے اور نظام کی تبدیلی کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہر سطح پر جدوجہد کے فیصلے کی روشنی میں عوامی تحریک نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی ڈویژنل کوآرڈینیٹر ملک افضل کی زیر صدارت اجلاس میں کینٹ بورڈ کے ممکنہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مشاورت کی گئی۔ ملک افضل نے کہا کہ باکردار، اہل اور دیانتدار نوجوان قیادت کو آگے آنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مشاورت اور رابطو ں کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی جو عوامی تحریک کینٹ کی تنظیمات سے مشاورت کے ساتھ امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے گی۔ اس موقع پر ضلعی صدر عوامی تحریک، سابق ناظم تحصیل گجر خان نعیم سلطان کیانی، امیر تحریک انار خان گوندل، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، آرگنائزر پی پی 9 ملک طاہر جاوید، صدر پی پی 10 ماجد قریشی، جنرل سیکرٹری ملک ناصر، مطلوب قریشی، غلام ربانی، میاں بابر حسین، سہیل عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔

ملک افضل نے کہا کہ کرپٹ جمہوری کلچر اور بدعنوان سیاست دانوں کی مفاد پرستی کی وجہ سے عوام کا جمہوریت اور ریاست میں خلا پیدا ہوگیا ہے۔ ہم اس خلا کو پر کرنے کیلئے آخری حد تک جائینگے اور اس جدوجہد میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انقلاب کا سفر جاری ہے اور انقلاب کا یہ قافلہ نظام کی تبدیلی کی منزل تک پہنچ کر ہی دم لے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top