فوجی پریڈ سے عوام کو خود اعتمادی اور حوصلہ ملا، پاکستان عوامی تحریک

مورخہ: 23 مارچ 2015ء

لاہور (23 مارچ 2015) اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقعہ پر فوجی پریڈ سے پاکستانی قوم کو ایک نیا ولولہ اور خود اعتمادی ملی ہے۔ پریڈ نے دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے گھروں میں صف ماتم بچھا دی۔ آرمی چیف نے سات سال بعد فوجی پریڈ کراکر ثابت کردیا ہے کہ پاکستان ناقابل تسخیر اور قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال اور سیکرٹری جنرل فیاض وڑائچ نے یوم پاکستان کے موقعہ پر بیان دیتے ہوئے کہا۔ بشارت جسپال نے کہا کہ وطن عزیز پر جارحانہ عزائم رکھنے اور سازشی قوتوں کو پریڈ کے ذریعے واضح پیغام ہے۔ یوم پاکستان پر بے مثال فوجی پریڈ سے پاکستانی قوم، شہداء وطن کی ارواح خوش، ملک دشمن پریشان اور وطن فروش عناصر غمزدہ ہوئے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حالت جنگ میں اسلام آباد سمیت ملک بھر کے اہم شہروں میں فوجی تقریبات منعقد کر اکر پاکستانی قوم کو مایوسی کی دلدل سے نکال کرخود اعتماد ی کا ایک نیا ولولہ دیا ہے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ پاک فوج نے ضرب عضب اور خیبر ٹو آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی۔ اب انشاء اللہ تعالیٰ جلد ہمارا پیارا پاکستان امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ جس کا سہرا شہداء پاک فوج، عوام اور سانحہ پشاور کے معصوم طلبہ کے سرجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقعہ پر پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ وارانہ قابلیت کا مظاہرہ دیکھ کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ پوری قوم اور پاکستان کا بچہ بچہ آزمائش کی ہر گھڑی میں اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top