حکمران اناج پیدا کرنیوالے کسانوں کی عزت کرنا سیکھیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 25 مارچ 2015ء

گرفتاریاں قابل مذمت، کسانوں کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں: سربراہ عوامی تحریک
ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں پر ہونے والے مظالم دل پر نقش ہیں، حکمران سزا کیلئے تیار رہیں
حکمرانوں کی کوئی تدبیر انہیں بے گناہوں کو قتل کرنے کی سزا سے نہیں بچا سکے گی

لاہور (25 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور سمیت پنجاب بھر سے کسانوں کی گرفتاریوں اور پولیس کے ذریعے ان کی تذلیل کرنے پر پنجاب حکومت کے غیر آئینی، غیر جمہوری اور کسان دشمن رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران 18 کروڑ عوام کیلئے اناج پیدا کرنے والے کسانوں کی عزت کرنا سیکھیں۔ کسانوں نے کھیتی باڑی چھوڑ دی تو حکمرانوں کے کارخانوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بھی بند ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم اگانے والا کسان، کھانے والا عام انسان پس رہا ہے جبکہ مڈل مین مزے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ کاروباری سوچ رکھنے والے حکمران برسراقتدار آئے ہیں کسانوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ کاشتکار حکمرانوں کی استحصالی پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کرتے ہیں تو ان کے پیچھے پولیس لگا دی جاتی ہے جو ظلم اور زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کسانوں کے مطالبات کی حمایت اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ٹیلیفون پر سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جائیں اور مؤثر انداز میں رابطہ عوام مہم چلائی جائے۔ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو اختیارات اور وسائل کی مرکزیت کے خاتمہ اور منصفانہ تقسیم کا ویژن رکھتی ہے اور اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ کے نظام کو بہترین ذریعہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا کریڈٹ سپریم کورٹ کو جاتا ہے ورنہ موجودہ نام نہاد جمہوری حکمران کبھی بھی عوام کو ووٹ کے استعمال کا آئینی حق نہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8 سال تک بلدیاتی الیکشن نہ کروانے والے لوکل گورنمنٹ دشمن حکمرانوں کے حامیوں کو ووٹ نہیں دینگے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے 24 مارچ کو فیصل آباد تنظیم کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرنے اور اپنے شہید بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں کے ساتھ ہونے والے مظالم میرے دل پر نقش ہیں، انہیں فراموش نہیں کر سکتا اور نہ ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قاتل حکمرانوں کو معاف کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کوئی تدبیر انہیں بے گناہوں کو قتل کرنے کی سزا سے نہیں بچا سکے گی بہت جلد انقلاب کا قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہو گا اور لوٹ کھسوٹ کا نظام اپنے انجام کو پہنچے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top