ترقیاتی منصوبوں کی سزا کسانوں کو نہ دی جائے: عوامی تحریک پنجاب

مورخہ: 28 مارچ 2015ء

رکھ برانچ کینال فیصل آباد 4 ماہ سے بند ہے، لاکھوں ایکڑ زرعی رقبہ بنجر ہو گیا
نہر کھولنے کے حوالے سے وعدوں پر ٹرخایا جا رہا ہے، بشارت جسپال سے کسانوں کے وفد کی ملاقات

لاہور (28 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال سے گزشتہ روز فیصل آباد، حافظ آباد اور جھنگ کے کسانوں کے ایک وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور کسانوں کے مسائل سے آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ رکھ برانچ کینال فیصل آباد انڈر پاس جھال خانوالہ کی تعمیر کے باعث بند ہے اس تعمیر کی وجہ سے نہ صرف فیصل آباد تقسیم ہو کررہ گیا ہے بلکہ لاکھوں ایکڑ زرعی رقبہ بھی بنجر ہو کر رہ گیا ہے، سب سے زیادہ چارے کی فصل کو نقصان پہنچا ہے اگر یہ بندش مزید کچھ عرصہ جاری رہی تو لاکھوں جانوروں کو چارہ کی فراہمی ممکن نہیں رہے گی اور لائیو سٹاک کو نقصان پہنچے گا۔ نہر کھولنے کے حوالے سے وعدوں پر ٹرخایا جا رہا ہے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ حکومت سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے ترقیاتی منصوبوں کی سزا کسانوں کو نہ دے، کسان حکمرانوں کی مہربانیوں سے پہلے ہی موت و حیات کی کشمکش کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈر پاس جھال خانوالہ فیصل آباد کی تعمیر کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ یہ انڈر پاس ایک ماہ کی ریکارڈ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا جو چار ماہ گزر جانے کے بعد بھی نامکمل ہے جس کی سزا کسان اور مال مویشی بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے اتنی طویل مدت کیلئے رکھ برانچ کینال فیصل آباد کبھی بھی اتنے طویل عرصہ کیلئے بند نہیں ہوئی، نہر کی بندش بیڈ گورننس اور کسانوں کے مسائل سے لاتعلقی ہے اور اس وجہ سے سب سے زیادہ نقصان چارے کی فصل کو پہنچ رہا ہے۔ رکھ برانچ کی بندش کے باعث گندم کی رواں سال کی فصل کو بھی آخری پانی نہیں مل سکا تھا جس کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ پیداوار میں کمی کا نقصان بھی اٹھانا پڑا اور آئندہ تمام فصلیں جن میں مکئی کی فصل بطور خاص شامل ہے کی کاشت خطرے میں پڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومت نہر کی بندش کے معاملے کو سنجیدگی سے لے، کسان پہلے ہی تنگ آ کر سڑکوں پر آ چکا ہے اس کے مزید ضبط اور صبر کا امتحان نہ لیا جائے اور رکھ برانچ کینال فیصل آباد کو آبپاشی کیلئے بلاتاخیر کھولا جائے اور انڈر پاس کے مجوزہ منصوبے کی بروقت عدم تکمیل کی تحقیقات کروائی جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top