جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلی کا خمیازہ بھگت رہی ہے: پروفیسر غلام مرتضی
فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم تربیت علامہ پروفیسر غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں بدامنی، قتل وغارت گری، لوٹ مار، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذابِ الہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہی ہے اور بدقسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان بے تحاشہ وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود بھوکا، پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، یہاں آج بھی بھوک کی فصل اگی ہوئی ہے۔ نوجوان نسل اپنے مستقبل سے ناآشنا منتشر گروہ دکھائی دیتی ہے، یہ سارے عذاب جو مسلط ہیں ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کے لیے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔
تبصرہ