منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت شادیوں کی اجتماعی تقریب، 23 مسلم و غیر مسلم جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک

مورخہ: 29 مارچ 2015ء

لاہور (29 مارچ 2015) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی 11 ویں سالانہ اجتماعی تقریب میں مسلم و غیر مسلم 23 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ تقریب کے مہمانان خصوصی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، سینئر سیاستدان بیگم عابدہ حسین، مرکزی سیکرٹری جنرل ‎PAT خرم نواز گنڈاپور، پیر مہرہ شریف شہزادہ ہمایوں پیرزادہ نے دلہوں اور دلہنوں کو خصوصی تحائف دیے۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے وسیع سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ پروقار تقریب میں سیاسی، سماجی، دانشور شخصیات کے علاوہ شوبز کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان اور جیولری سیٹ کا تحفہ دیا گیا جبکہ ہر دولہا کو ایک گھڑی اور حق مہر کیلئے 5000 روپے کا تحفہ دیا گیا۔ ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ کی سربراہی میں علمائے کرام نے ہر جوڑے کا نکاح علیحدہ علیحدہ پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑوں کی شادی کی رسومات پاسٹر شاہد گل نے ادا کیں۔ آنے والی ہر بارات کا استقبال پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین نے کیا۔ 1500 سے زائد مہمانوں کی تواضع پرتکلف کھانے سے کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم عابدہ حسین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کو سہارا دینا اور انکے دکھ سکھ کا ساتھی بننا سب سے بڑی انسانی خدمت اور عبادت ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال 5 بچیوں کی شادی کے اخراجات ادا کریں گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مساوات محمدی کو نافذ کرنے کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔ 18 کروڑ انسانوں کو موجودہ نظام نے معاشی اعتبار سے غلام بنا دیا ہے۔ پہلے ایک آقا ہوتا تھا جس کی غلامی سے نجات کیلئے پیسے درکار ہوتے تھے مگر موجودہ نظام کے تحت ہر شخص غلام ہے اور اس غلامی سے نجات کا واحد راستہ انقلاب ہے، ایسے منصف معاشرے کا قیام چاہتے ہیں جس میں کسی کو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا ظلم کرنے کی ہمت نہ ہو سکے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا سیاسی فلسفہ صرف ایک جملے میں اس طرح سے بیان کیا جا سکتا ہے کہ جو حقوق اور انصاف اور سہولتیں صاحب حیثیت طبقات کو میسر ہیں وہی سہولتیں غریب خاندانوں کو بغیر مانگے دستیاب ہوں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے تمام دلہوں اور دلہنوں کو رشتہ ازواج میں منسلک ہونے پر مبارکباد دی اور انکے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تمام منتظمین کو اعلیٰ انتظامات پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری، پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن اور تمام کارکنان دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمیشہ مصروف کار رہیں گے۔

تقریب کے منتظم اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور فلاحی منصوبوں کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

تحریک منہاج القرآن ہالینڈ کے صدر ڈاکٹر عابد عزیز نے کہا کہ اس خوشیوں بھری تقریب میں آ کر ہر سال ڈاکٹر طاہرالقادری کی انسانیت کیلئے عملی کاوش کو دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ میں واپس ہالینڈ حقیقی خوشی لے کر لوٹوں گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب دیکھ کر بے ساختہ دعا نکلتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر طاہرالقادری کو لمبی عمر اور صحت عطا فرمائے۔

تقریب سے صاحبزادہ فیض الرحمان درانی، سیکرٹری جنرل‎ PAT خرم نواز گنڈاپور، شیخ زاہد فیاض، سید امجد علی شاہ، ڈاکٹر عابد عزیز، شبنم ناگی ایڈووکیٹ، آمنہ بخاری، راضیہ نوید، جواد حامد اور پاسٹر شاہد گل و دیگر نے خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے دعائے خیر کرائی اور جہیز دلہنوں کے سرپرستوں کے حوالے کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top