سپین: علامہ صفدر مجید کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

مورخہ: 29 مارچ 2015ء

تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے مرکزی عہدیداران اور کارکنان کی شرکت، علامہ صفدر مجید کی سرپرستی میں مرکزمزید ترقی کرئے گا، مقررین

منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت میں علامہ صفدر مجید کی تعیناتی پر منہاج القرآن اوسپتالیت کی طرف سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب اور ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے مرکزی عہدیداران اور کارکنان سمیت بادالونا تنظیم نے بھی شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کا اعزاز حافظ محمد جنید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حافظ محمد ارشد سمیت منہاج نعت کونسل اوسپتالیت کے اراکین نے حاصل کی۔ تقریب میں نقابت کے فرائض سید رفاقت حسین شاہ نے انجام دئیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے مرکزی صدر محمد اکرم بیگ نے تنظیمی قواعد و ضوابط کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن سے وابستگی دنیا و آخرت دونوں کیلئے بہتر ہے، انہوں نے علامہ صفدر مجید اور اوسپتالیت تنظیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات پہلے جیسے نہیں رہے اس لیے ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرنا ہو گا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کا راستہ بھی یہی ہے کہ آپس میں پیار ومحبت کی فضا کو قائم کیا جائے۔

تقریب سے پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ صفدر مجید کی منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت میں تعیناتی مصطفوی مشن کی کامیابی کیلئے سود مند ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پر اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع ہمیشہ سے اس تحریک کا طرہ امتیاز ہے۔ محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ نظم ہی تحریک منہاج القرآن کا حسن ہے جس پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ ہی ہو گا۔

اس موقع پر علامہ صفدر مجید نے قرآن پاک کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ جو قوم اللہ کے دین کو چھوڑ دے گی اللہ ان کی جگہ ایک ایسی نئی قوم لائے گا جو اللہ سے محبت کرتی ہو اور اللہ ان سے محبت کرے گا اور اگر ہم نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین سے اپنے تعلق کو جوڑے رکھا تو پھر ہم ہی اللہ کے نزدیک محبوب بن کر رہیں گے اسی لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لوگوں کا دین سے تعلق مضبوط بنانے کا بیڑہ اُٹھایا اور وہ آج کامیابی سے دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔ علامہ صفدر مجید نے کہا کہ سید التابعین حضرت سعید رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ آپ لوگوں کی غلطیوں پر نظر رکھیں گے تو آپ کبھی بھی ان کے ساتھ نہیں چل سکیں گے اور اگر آپ لوگوں کی اچھائیاں اور انکی صلاحیتوں کو مدنظر رکھیں گے تو پھر کامیابی ملے گی۔

انہوں نے MQI سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ان جیسے راہنما ہمارے پاس ہیں۔

استقبالیہ تقریب اور عشائیے میں منہاج القرآن اوسپتالیت کے سیکریٹری جنرل شبیر حسین گوہر نے آنیوالے تمام مہمانان گرامی کو خوش آمدید کرتے ہوئے تنظیم کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور اسلامک سنٹر کی مزید کامیابی کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔ عشائیے میں اوسپتالیت مرکز کی انتظامیہ سمیت خصوصی شرکت کرنیوالوں میں منہاج القرآن سپین کے بانی صدر اور سرپرست محمد نواز کیانی، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے مرکزی صدر محمد اکرم بیگ، سیکرٹری جنرل محمد عتیق، پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری، منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر چوہدری امانت حسین مہر، منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر حسنات مصطفیٰ کے علاوہ خرم شبیر، چوہدری امتیاز آکیہ، چوہدری شرافت حسین، حاجی طاہر جاوید، ظل حسن، محمد نواز قادری، حاجی لیاقت علی، محمد ارشد، قاری عطاءالمصطفیٰ کیلانی اور دیگر نے شرکت کی۔

رپورٹ: محمد یوسف چوہدری، نوید احمدا ندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top