یمن کے حالات پر حکومت نے احمقانہ بیان بازی کی: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 31 مارچ 2015ء

پاکستان عوامی تحریک ہر سطح پر بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز نہ ہونے دیا جائے
ہر رکن صوبائی اسمبلی کو 3 کروڑ کی خصوصی گرانٹ پری پول رگنگ ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے
کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا خیر مقدم کرتے ہیں، چاروں صوبوں میں انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی کرائے جائیں
2 ہفتہ کے غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپسی پر مشاورتی اجلاس سے خطاب

لاہور (31 مارچ 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے 2 ہفتہ کے غیر ملکی دورہ کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بدحواس حکمرانوں نے یمن کے حالات کے حوالے سے احمقانہ بیان بازی کر کے وہاں مقیم پاکستانیوں کی زندگیوں کیلئے سنگین خطرات پیدا کر دیے۔ حکومت پاکستان مسئلہ میں فریق بننے کی بجائے ثالث بنے اور امت مسلمہ اپنے جملہ مسائل او آئی سی کے پلیٹ فارم پر حل کرے۔ مشاورتی اجلاس میں بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، شیخ زاہد فیاض، چوہدری شریف، راضیہ نوید، ساجد بھٹی، شعیب طاہر، عرفان یوسف، بشارت جسپال، راجہ زاہد و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات بھی زیر بحث آئے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک میں انتخابی پارلیمانی نظام جماعتی بنیادوں پر چل رہا ہے، بلدیاتی ادار ے قومی سیاست کی نرسری کی حیثیت رکھتے ہیں، چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی کرائے جائیں۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور اعلان کیا کہ پاکستان عوامی تحریک ہر سطح پر بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ صوبوں اور اضلاع کو ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت اور بلدیاتی انتخابات میں تعاون کی حکمت عملی طے کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کیلئے 2013  کے جعلی انتخابات کے بعد بڑا چیلنج ہے کہ بلدیاتی انتخابات شفاف، غیر جانبدارانہ اور بااعتماد ہوں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز نہ ہونے دیا جائے، ووٹر لسٹ، حلقہ بندی اور پولنگ سکیم درست اور انتخابی حلقوں کی ضرورت پوری کرنیوالی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی پنجاب حکومت نے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو 3 کروڑ کی خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے جو پری پول رگنگ اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔ کنٹونمٹنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائیگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top