عالمی لیڈر دہشت گردی کی عالمی لہر کا مل کر مقابلہ کریں، ڈاکٹر طاہرالقادری

بارود کی بو کو درود کی خوشبو سے بدلا جائے، دنیا کے لالچ نے خوف اور دہشتگردی کو جنم دیا‎
کینیا دہشتگردی کی مذمت، معصوم طلباء کی اموات پردلی دکھ ہے، ختم ا لصلواۃ کی ماہانہ محفل سے خطاب

لاہور (03 اپریل 2015) تحریک منہاج القرآن کے بانی اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ختم الصلواۃ کی ماہانہ محفل سے آڈیو لنک پر براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام بارود کی بو کو درود کی خوشبو سے بدل دے، انہوں نے کینیا یونیورسٹی میں دہشت گردی کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ طالبعلموں کی اموات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی لیڈر دہشتگردی کی عالمی لہر کا مل کر مقابلہ کریں۔ دہشت گردی کی عالمی لہر پوری دنیا کے حکمرانوں کو ایک میز پر بیٹھنے کی دعوت دے رہی ہے۔ دہشتگردوں کا نہ کوئی ملک ہے اور نہ مذہب۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پشاور میں اپنے بچوں کی شہادت کے دلدوز واقعہ پر اذیت سے گزر چکے ہیں اور ابھی تک اسکے اثرات سے باہر نہیں نکل سکے، ہم کینیا کے عوام کے دکھ کو سمجھتے ہیں اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

انہوں نے ختم الصلوۃ کی محفل سے درود پاک کی فضیلت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو درود پاک کے ورد سے جوڑیں، دنیا کے حد سے بڑھے ہوئے لالچ نے، خوف اوردہشت گردی کو جنم دیا۔ نوجوان اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی لو لگائیں، تعلیمات محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دیا، اللہ کی محبوب ترین مخلوق کے ساتھ درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ تمام اسلامی و غیر اسلامی سربراہان مملکت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ذاتی، سیاسی و قومی مفاد سے بالا تر ہو کر دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑیں۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر ناحق خون بہانے والے اور فساد برپاکرنے والے شیطان کے پیروکار ہیں، ان شیطانوں پر زمین تنگ کر دینے کا وقت آ گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن کو یہ توفیق بخشی ہے کہ جس کے پلیٹ فارم پر آج دنیا کے ہر ملک میں درود کے حلقے سج رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جس طرح دولت کی پاکیزگی کیلئے زکوۃ کی ادائیگی ضروری ہے اسی طرح روح کی پاکیزگی اور بالیدگی کیلئے درود کا بکثرت ورد ضروری ہے، یہ ایسا مبارک عمل ہے جو اللہ کی سنت ہے، رب کائنات اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجتے ہیں تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا دعویٰ رکھنے والے خود کو اس مبارک عمل سے الگ کیسے رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی سچی تعلیمات میں عالم اسلام ہی نہیں پوری دنیا کے امن کی ضمانت ہے ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top