تنظیم سازی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانا پہلی ترجیح ہو گی: ڈاکٹرحیق عباسی

پارٹی الیکشن سے عوامی تحریک نئی سیاسی قوت بن کر ابھر ے گی، نو منتخب صدر کی وفود سے گفتگو
غریب کے ہر مسئلے کا حل ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے میں ہے
پڑھے لکھے نوجوانوں، مزدوروں اور کسانوں کو عوامی تحریک میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں

لاہور (9 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے مبارکبا د دینے کیلئے آنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گراس روٹ تک پارٹی کی تنظیم نو اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوانا پہلی ترجیح ہو گی، ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے میں غریب کے ہر مسئلے کا حل ہے، پارٹی پالیسی کی تشکیل میں کارکنوں کی مشاورت کو اولیت حاصل ہو گی، پارٹی الیکشن سے عوامی تحریک نئی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ بہت جلد ہر گلی میں عوامی تحریک اور انقلاب کا پرچم لہرائے گا۔ پڑھے لکھے محب وطن درد مند نوجوانوں کو عوامی تحریک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔ اس جماعت میں نہ کوئی جاگیر دار ہے اور صنعت کار۔ کارکنوں اور سربراہ عوامی تحریک کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ وفد میں گجرات سے پروفیسر مظہر حسین قادری، چودھری محمد اصغر، محمد بلال، سرمد جاوید، پرویز اختر، علامہ محمد اصغر چشتی، چودھری غلام سرور وڑائچ شامل تھے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے پاکستان اور دنیا بھر سے ٹیلیفون پر مبارکباد دینے والے عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے لگژری منصوبوں سے بھوک اور طبقاتی کشمکش بڑھ رہی ہے، معاشی عدم مساوات طبقاتی جنگ میں بدل رہی ہے۔ عام آدمی کو امور سلطنت سے الگ کر دیا گیا۔ انصاف اور روزگار ناپید ہے، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔ کسانوں اور مزدوروں سے کہتے ہیں کہ وہ عوامی تحریک میں آئیں اور اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں۔ عوامی تحریک ایک خاندان کی طرح ہے پارٹی کو منظم بنانے کیلئے ہر کارکن کے گھر جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہو چکا ہے۔ انقلاب کی منزل حاصل کرنے کیلئے تن، من، دھن کی بازی لگائیں گے۔ ہم کرسی کے پیچھے نہیں بھاگ رہے ہم 18 کروڑ عوام کو ان کے آئینی حقوق دلوانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ٹیکس چور کمیشن خور ایلیٹ کلاس 65سال سے ہتھکنڈوں سے اقتدار حاصل کررہی ہے اور پھر ریاستی طاقت کو عوام کے استحصال کیلئے استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ملکر استحصالی قوتوں کو شکست دینگے جن کے کاروبار بیرون ملک ہیں انہیں پاکستان میں اقتدار کے ایوانوں میں نہیں رہنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن ایک جیسی لعنتیں ہیں، کرپشن کے خلاف بھی ملک گیر ضرب عضب شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کی جانیں لینے والے دہشت گرد اور غریب کے ٹیکسوں پر عیاشی کرنے والے ایک جیسے مجرم ہیں انکی سزا صرف موت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ نے سٹیٹس کی قوتوں کی جڑوں پر کاری ضرب لگائی، انقلاب مارچ کا دوسرا مرحلہ فیصلہ کن ہو گا۔ انقلابی اور انتخابی جدوجہد سے لٹیروں سے عوامی ایوان خالی کروائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top