عوامی تحریک کی طرف سے دھاندلی کیلئے قائم انکوائری جوڈیشل کمیشن کو خط ارسال

‎2013 کے عام انتخابات کو غیر آئینی قرار دینے اور کمیشن کے روبرو موقف پیش کرنے کی استدعا
خط مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر لکھا

لاہور (15 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک نے 2013 ء کے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی انکوائری کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کو خط ارسال کیا ہے۔ خط میں 2013 ء کے عام انتخابات کو غیر آئینی قرار دینے اور کمیشن کے روبرو براہ راست موقف پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ جب الیکشن کمیشن ہی غیر آئینی تھا تو اس کے کروائے گئے انتخابات اور پھر بعدازاں وجود میں آنے والی حکومت کس طرح آئینی و قانونی ہو سکتی ہے؟خط مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر لکھا ہے۔ خط کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبرز کی تقرری آئین کے آرٹیکل 213 کے خلاف کی گئی اور اس ضمن میں پارلیمنٹری کمیٹی کو نظر انداز کیا گیا جبکہ پارلیمنٹری کمیٹی کے ممبرز کی تقرری کے حوالے سے ’’سماعت اور تصدیق‘‘ آئینی تقاضا تھا جسے پورا نہیں کیا گیا۔ خط میں انتخابی اصلاحات اور الیکشن کمیشن کی آئینی تشکیل کے ضمن میں جنوری 2013 میں کیے جانے والے عوامی تحریک کے لانگ مارچ اور اس وقت کی پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ آزاد و خودمختار الیکشن کمیشن کی تشکیل کیلئے 17 جنوری 2013 کو طے پانے والے معاہدے کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ اس وقت کی حکومت نے الیکشن کمیشن کی غیر آئینی تشکیل کے ضمن میں عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے تحفظات کو درست قرار دیا مگر اس کے باوجود الیکشن کمیشن کو تحلیل نہ کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کی آئین کے مطابق تشکیل اور پری پول رگنگ روکنے اور فیئر اینڈ فری انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کے 8 جون 2012 کو دئیے جانے والے فیصلے کی بھی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ترقیافی فنڈز کے اجراء کے نام پر دھاندلی کی جاتی ہے اور وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے ذریعے رائے عامہ ہائی جیک کرتے ہیں جو فیئر اینڈ فری الیکشن کے انعقاد کے آئینی تقاضے کے برخلاف ہے۔ خط میں انکوائری جوڈیشل کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے کروائے گئے انتخابات کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور عوامی تحریک کو موقف پیش کرنے کیلئے بلایا جائے۔ خط کے ہمراہ سپریم کورٹ کے فیصلہ، پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدہ اور دیگر ضروری ریکارڈ بھی لف کیا گیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top