یکم مئی کو سرائیکی وسیب اور پوری دنیا میں ’’فریدی رومال ڈے‘‘ منایا گیا

مورخہ: 01 مئی 2015ء

مرکزی تقریب دربار کوٹ مٹھن شریف میں پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ عامر فرید کوریجہ کی صدارت میں منعقد ہو ئی
بزرگان دین صرف فکر ہی نہیں دیتے بلکہ عملی زندگی کا نظام بھی عطا کرتے ہیں
آج قوم کو فکر حضرت غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہو گا
فریدی رومال ڈے منانے کا مقصد حضرت خواجہ غلا م فرید رحمۃ اللہ علیہ کی فکر کو عملی طور پر پروان چڑھانا ہے
پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ عامر فرید کوریجہ کا مرکزی تقریب سے خطاب‎

لاہور (یکم مئی 2015) یکم مئی کو سرائیکی وسیب اور پوری دنیا میں ’’فریدی رومال ڈے ‘‘ منایا گیا۔ فریدی رومال کا دن پچھلی کئی دھائیوں سے سرائیکی تہذیب و ثقافت کی پہچان اور علامت ہے۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب دربار کوٹ مٹھن شریف میں پیر آف کوٹ مٹھن شریف خواجہ عامر فرید کوریجہ کی صدارت میں منعقد ہو ئی۔ جس میں ملک کی معروف مذہبی، سیاسی اور اہم سماجی شخصیات نے شرکت کر کے امن، آشتی، محبت اور تصوف کے رنگ بکھیرے، انگلینڈ، ناروے، ترکی، آسٹریلیا، یواے ای، بیلجئیم اور دنیا کے دیگر ممالک میں امن کی علامت اس دن سرائیکی وسیب سے تعلق رکھنے والے اور دیگر تارکین وطن نے بھی خصوصی تقریبات منعقد کر کے دنیا کو امن کا پیغام دیا۔ پیر آف کوٹ مٹھن شریف عامر فرید کوریجہ کا کہنا ہے کہ فریدی رومال کا دن منانے کا مقصد اسلام، پاکستان اور عوام کو متحد ہو کر امن کا پیغام دینا ہے۔ بزرگان دین صرف فکر ہی نہیں دیتے بلکہ عملی زندگی کا نظام بھی عطا کرتے ہیں، اس لئے جو فرد صوفیا کے نزدیک آتا چلا جاتا ہے وہ مکمل حیات کے قریب ہوتا چلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا قوم کے سب سے بڑے فکری رہنما ہیں۔ حضرت خواجہ غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانوں کو ہر حال میں اپنی خودی اور غیرت کی حفاظت کرنے کی تلقین کی ہے۔ امت کو سادہ و فطری زندگی پر قناعت کا درس دیا ہے۔ آج قوم کو فکر حضرت غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ ملک میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ اسلام ریاست میں حقوق کا جو تصور دیتا ہے اسکی دھجیاں ہر سو بکھری دکھائی دیتی ہیں، فریدی رومال ڈے منانے کا مقصد حضرت خواجہ غلا م فرید رحمۃ اللہ علیہ کی اس فکر کو عملی طور پر پروان چڑھانا ہے جس سے امت مسلمہ دوبارہ عروج حاصل کر سکے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top